بیری باغ اور اخون آباد سمیت پشاور کے قبرستانوں میں تجاوزات کے خلاف اگلے ہفتے آپریشن شروع کرنے کا فیصلہ
کمشنر پشاور کی ڈیمارکیشن جلد مکمل کرنے کی ہدایت، نشانات لگانے کے بعد قابضین کو 24 گھنٹے کی مہلت دی جائے گی۔
پشاور: کمشنر پشاور ڈویژن کیپٹن (ر) خالد محمود نے شہر کے مختلف قبرستانوں میں قائم تجاوزات اور غیر قانونی قبضوں کے خاتمے کے لیے اگلے ہفتے سے بھرپور آپریشن شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ پشاور، محکمہ اوقاف اور دیگر متعلقہ اداروں کو قبرستانوں کی حدود کی نشاندہی (ڈیمارکیشن) جلد مکمل کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
کمشنر نے بیری باغ، آخون آباد، رحمان بابا اور کاکشال قبرستان سمیت شہر اور نواحی علاقوں کے دیگر بڑے قبرستانوں کی اراضی کی مکمل نشاندہی کرنے اور تجاوزات پر نشانات لگانے کا عمل تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔
انہوں نے ڈیمارکیشن اور آپریشن کے لیے الگ الگ ٹیمیں تشکیل دینے کا بھی حکم دیا ہے تاکہ نشاندہی اور تجاوزات کے خاتمے کی کارروائیاں بیک وقت جاری رہ سکیں۔
کمشنر پشاور نے واضح کیا کہ جہاں بھی تجاوزات کی نشاندہی کرکے نشانات لگائے جائیں، وہاں قابضین کو 24 گھنٹے کی مہلت دی جائے اور انہیں اپنی تجاوزات خود ختم کرنے کی تنبیہ کی جائے۔ مقررہ وقت میں تجاوزات ختم نہ کرنے کی صورت میں اگلے روز متعلقہ انتظامیہ فوری آپریشن کرکے انہیں مسمار کرے گی۔
کیپٹن (ر) خالد محمود نے کہا کہ قبرستانوں کی اراضی کا تحفظ اور عوامی و اجتماعی مقامات سے غیر قانونی قبضوں کا خاتمہ انتظامیہ کی ترجیحات میں شامل ہے۔ قبرستانوں میں قائم تجاوزات کسی صورت برداشت نہیں کی جائیں گی اور نشاندہی کے بعد بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
انہوں نے تمام متعلقہ اداروں کو باہمی رابطے اور مربوط حکمت عملی کے تحت ڈیمارکیشن جلد مکمل کرکے آپریشن کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی ہے۔


