پشاور: ممتاز صحافی سید سلطان شاہ میڈیا لیگ کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے

Peshawar: Prominent journalist Syed Sultan Shahid has passed away following a seizure.

پشاور: ممتاز صحافی سید سلطان شاہ میڈیا لیگ کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے

پشاور پریس کلب کے ممبر، روزنامہ مشرق کے سینئر سب ایڈیٹر اور ممتاز صحافی سید سلطان شاہ اچانک دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے۔ ان کی وفات پر صحافتی برادری، دوستوں اور عزیز و اقارب میں گہرے رنج و غم کی لہر دوڑ گئی۔

مرحوم سید سلطان شاہ پشاور پریس کلب کے زیر اہتمام منعقدہ اسپورٹس گالا میں شریک تھے، جہاں انہوں نے کچھ دیر قبل اپنے دوستوں اور ساتھیوں کے ساتھ خوش گپیوں میں وقت گزارا۔ اسی دوران انہیں اچانک دل کا دورہ پڑا۔ ساتھیوں نے فوری طور پر انہیں اسپتال منتقل کیا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے اور خالق حقیقی سے جا ملے۔

مرحوم کی نماز جنازہ آج بروز پیر، 23 نومبر 2026ء، رات 8 بجے حاجی کیمپ کمبوہ جنازگاہ پشاور میں ادا کی جائے گی۔

خیبر یونین آف جرنلسٹس کا اظہار تعزیت

خیبر یونین آف جرنلسٹس نے سید سلطان شاہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے صحافتی برادری کے لیے ایک عظیم اور ناقابل تلافی نقصان قرار دیا ہے۔

سینئر صحافیوں شمیم شاہد، سید علی حضرت باچا، پشاور پریس کلب کے صدر ایم ریاض، جنرل سیکرٹری عالمگیر خان، نائب صدر ضیاء الحق، کابینہ کے دیگر اراکین، ناصر حسین، سیف الاسلام سیفی، سابق صدر سید بخار شاہ باچا، خیبر یونین آف جرنلسٹس کے صدر کاشف الدین سید، جنرل سیکرٹری ارشاد علی اور دیگر عہدیداروں نے اپنے مشترکہ تعزیتی بیان میں کہا کہ مرحوم سید سلطان شاہ نہایت باوقار، باصلاحیت، ملنسار اور فرض شناس صحافی تھے، جنہوں نے اپنی پوری پیشہ ورانہ زندگی میں صحافت کے اعلیٰ اصولوں، دیانت داری اور غیر جانبداری کو ہمیشہ مقدم رکھا۔

انہوں نے کہا کہ سید سلطان شاہ کی اچانک رحلت سے صحافتی برادری ایک مخلص، باکردار اور تجربہ کار ساتھی سے محروم ہو گئی ہے۔ مرحوم ایک ذمہ دار صحافی ہونے کے ساتھ ساتھ اپنے ساتھیوں کے لیے شفیق دوست، بہترین انسان اور قابل اعتماد شخصیت بھی تھے۔ ان کی وفات سے پیدا ہونے والا خلا طویل عرصے تک پُر نہیں ہو سکے گا۔

خیبر یونین آف جرنلسٹس کے عہدیداروں نے مرحوم کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی کامل مغفرت فرمائے، ان کے درجات بلند کرے اور انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔ انہوں نے لواحقین، دوستوں اور صحافتی برادری کے لیے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔

آمین یا رب العالمین۔


Tags:
Categories:
Latest News

Leave a Reply

Peshawar Live - پشاور