پشاور میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر جدید ترین ای چالان سسٹم متعارف

Latest e-challan system introduced for traffic violation in Peshawar

پشاور میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر جدید ترین ای چالان سسٹم متعارف

خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں ٹریفک قوانین پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے سیف سٹی کیمروں کے ذریعے جدید خودکار ای چالان سسٹم متعارف کرا دیا گیا۔

رسول داوڑ: جدید ترین ای چالان سسٹم کے تحت ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے گاڑی مالکان کی شناخت کرکے ان کے نام آن لائن چالان جاری کیے جائیں گے۔

پولیس حکام کے مطابق جدید ڈیجیٹل نظام کے تحت سفارش اور اثر و رسوخ بھی کسی کو ٹریفک چالان سے نہیں بچا سکے گا، سیٹ بیلٹ کے بغیر ڈرائیونگ، رانگ سائیڈ سفر، سگنل توڑنے اور ہیلمٹ کے بغیر موٹر سائیکل چلانے سمیت مختلف خلاف ورزیوں پر جرمانے عائد کیے جائیں گے۔

ڈی آئی جی آئی ٹی خیبر پختونخوا اعجاز احمد کے مطابق سیف سٹی کیمروں اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کی خودکار نگرانی کی جائے گی جس سے خلاف ورزی کرنے والوں کی نشاندہی اور چالان کا اجرا ممکن ہوگا۔

ایس ایس پی ٹریفک پشاور ڈاکٹر زاہد رفیق کے مطابق جدید نگرانی کے نظام کے فعال ہونے کے بعد سگنل توڑنے، رانگ روٹ استعمال کرنے اور دیگر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کی نشاندہی کی جا سکے گی۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شہر میں اب تک ڈیڑھ کروڑ سے زائد ٹریفک خلاف ورزیاں ریکارڈ کی جا چکی ہیں تاہم ابھی تک کسی شہری کو چالان جاری نہیں کیا گیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ منظوری ملتے ہی ابتدائی مرحلے میں 6 اقسام کی ٹریفک خلاف ورزیوں پر خودکار ای چالان جاری کرنے کا باقاعدہ آغاز کردیا جائے گا، جدید نظام برطانیہ، دبئی اور دیگر ترقی یافتہ ممالک کے طرز پر متعارف کرایا جا رہا ہے جس کا مقصد ٹریفک قوانین پر مؤثر عمل درآمد اور شہریوں میں قانون کی پاسداری کا شعور اجاگر کرنا ہے۔


Tags:
Categories:
Latest News

Leave a Reply

Peshawar Live - پشاور