پشاور: ہوٹل میں 200 کلو آئس کی اسمگلنگ ڈیلنگ ناکام، سری لنکن باشندے سمیت 4 ملزمان گرفتار

Major operation in Peshawar; 4 alleged international drug dealers, including a Sri Lankan national, arrested.

پشاور: ہوٹل میں 200 کلو آئس کی اسمگلنگ ڈیلنگ ناکام، سری لنکن باشندے سمیت 4 ملزمان گرفتار

دوسو کلو آئس اور 5 کلو ہیروئن کی کروڑوں روپے کی ڈیل ناکام، ہوٹل کے کمرے سے 118 گرام آئس کے نمونے برآمد

پشاور: صوبائی حکومت کی منشیات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت ایکسائز انٹیلیجنس بیورو نے ہشتنگری پشاور میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے سری لنکن باشندے سمیت 4 مبینہ بین الاقوامی منشیات ڈیلروں کو گرفتار کر لیا۔ کارروائی کے دوران 200 کلو آئس اور 5 کلو ہیروئن کی مبینہ ڈیل ناکام بنا دی گئی۔

ایکسائز حکام کے مطابق انٹیلیجنس بیورو کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ ہشتنگری کے ایک ہوٹل کے کمرے میں بین الاقوامی منشیات ڈیلرز 200 کلو آئس اور 5 کلو ہیروئن کی ڈیلنگ کے لیے جمع ہوں گے، جن میں ایک سری لنکن شہری بھی شامل ہے۔

اطلاع کی تصدیق کے بعد ایکسائز ٹیم نے ہوٹل کے کمرے پر چھاپہ مارا اور وہاں موجود چاروں ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ کارروائی کے دوران ڈیلنگ کے لیے لائے گئے 118 گرام آئس کے نمونے بھی برآمد کیے گئے۔

ابتدائی تفتیش میں ملزمان نے مبینہ طور پر 200 کلو آئس بیرون ملک اسمگل کرنے کے لیے ڈیلنگ کرنے کا انکشاف کیا ہے۔

گرفتار ملزمان کی شناخت دشان ولد سمن، ساکن سری لنکا، شارون ولد سمون، ساکن فیصل آباد، نور الحق ولد نواب اور صدف ولد لال، ساکنان شلوبر باڑہ ضلع خیبر کے ناموں سے ہوئی ہے۔

ایکسائز حکام کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف تھانہ ایکسائز پشاور میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جبکہ مزید تفتیش اور قانونی کارروائی جاری ہے۔


Tags:
· ·
Categories:
Latest News

Leave a Reply

Peshawar Live - پشاور