پشاور: دلازک چوک انڈر پاس کا افتتاح، 2 ارب روپے کا منصوبہ 3 ماہ میں مکمل
پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے پشاور ریویٹالائزیشن پلان کے تحت مکمل ہونے والے دلازک چوک انڈر پاس کا افتتاح کردیا۔
افتتاحی تقریب میں وزیراعلیٰ کا پرتپاک استقبال کیا گیا، جبکہ تقریب نے عوامی اجتماع کی شکل اختیار کرلی۔ شہریوں اور تحریک انصاف کے کارکنان کی بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی۔
دلازک چوک انڈر پاس 430 میٹر طویل ہے، جس میں 70 میٹر بیرل، 2 ری چارج ویلز اور 2 ویٹ ویلز شامل ہیں۔ منصوبہ 3 ماہ کی مدت میں مکمل کیا گیا، جس پر مجموعی طور پر 2 ارب روپے لاگت آئی ہے۔
افتتاحی تقریب میں پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی صدر جنید اکبر خان، صوبائی وزیر بلدیات مینا خان آفریدی، اراکین قومی اسمبلی شاہد خٹک اور آصف خان، اراکین صوبائی اسمبلی فضل الٰہی اور کامران بنگش، پی ٹی آئی پشاور کے صدر عرفان سلیم، محکمہ بلدیات اور پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے حکام سمیت تحریک انصاف کے کارکنان اور شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔


