واٹس ایپ پرائیویسی پرتحفظات،سربراہ کا بیان سامنےآگیا

سماجی رابطے کی مشہور ایپ واٹس ایپ کی پرائیویسی پالیسی سے متعلق شکوک و شبہات پر واٹس ایپ کے سربراہ نے وضاحت پیش کردی۔ سربراہ ول کیتھکارٹ کا کہنا ہے کہ نئی پالیسی سے صارفین کی پرائیویسی متاثر نہیں ہوگی اور نہ ہی ان کا ڈیٹا کسی کو فراہم کیا جائے گا۔

مائیکرو بلاگنگ سائٹ پر اپنے تفصیلی بیان میں واٹس ایپ کے سربراہ “ول کیتھکارٹ” کا کہنا تھا کہ اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کے باعث ہم یا فیس بک آپ کے نجی پیغامات یا کالز کو نہیں دیکھ سکتے، ہم اس ٹیکنالوجی کی فراہمی اور عالمی سطح پر اس کے دفاع کیلئے پرعزم ہیں

ول کیتھکارٹ نے اپنے تفصیلی بیان میں واضح کیا کہ ہم نے اپنی پالیسی کو شفافیت کیلئے اپ ڈیٹ کیا ہے۔ اس میں پیپل ٹو بزنس آپشنل فیچرز کی بہتر وضاحت کی گئی ہے۔ ہم نے اسے اکتوبر میں تحریر کیا تھا، جس میں واٹس ایپ میں موجود کامرس کو بھی شامل کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ہر ایک کو شاید علم نہیں کہ متعدد ممالک میں کاروباری اداروں کے واٹس ایپ پیغامات کتنے عام ہیں۔ درحقیقت روزانہ 17 کروڑ سے زیادہ افراد کسی ایک بزنس اکاؤنٹ کو میسج کرتے ہیں اور متعدد ایسا کرنا چاہتے ہیں۔ ہمارا دیگر اداروں کے ساتھ پرائیویسی میں مقابلہ ہے، جو کہ دنیا کیلئے بہت اچھا ہے۔ لوگوں کے پاس انتخاب ہونا چاہیے کہ وہ کس طرح رابطہ کرنا چاہتے ہیں اور انہیں اعتماد ہونا چاہیے کہ ان کے میسجز کوئی اور نہیں دیکھ سکتا۔ کچھ لوگ بشمول کچھ حکومتیں اس سے اتفاق نہیں کرتیں۔

واضح رہے کہ واٹس ایپ کی نئی پالیسی سے متعلق ایپ پر جاری نوٹیفکیشن دنیا بھر میں صارفین کو موصول ہوئے ہیں۔ نوٹی فیکیشن میں اہم اپ ڈیٹس کے بارے میں بتایا گیا کہ صارفین کے ڈیٹا کے حوالے سے کمپنی کا اختیار بڑھ جائے گا اور کاروباری ادارے فیس بک کی سروسز کو استعمال کرکے واٹس ایپ چیٹس کو اسٹور اور منیج کرسکیں گے۔

فیس بک کی جانب سے واٹس ایپ کو اپنی دیگر سروسز سے منسلک کیا جاسکے گا۔ واٹس ایپ کی جانب سے گزشتہ دنوں تمام صارفین کو پرائیوسی پالیسی کے حوالے سے ایک پیغام ارسال کیا گیا جس سے صارفین کو اتفاق کرنا تھا۔

کمپنی کی جانب سے بتایا گیا کہ جو صارف نئی پرائیوسی پالیسی سے اتفاق نہیں کرے گا تو 9 فروری کے بعد اُس کا واٹس ایپ اکاؤنٹ بلاک کردیا جائے گا۔ واٹس ایپ کی نئی پرائیوسی پالیسی پر صارفین نے بہت زیادہ تحفظات کا اظہار کیا کیونکہ اب کمپنی فیس بک اور دیگر تھرڈ پارٹیز کے ساتھ صارف کا تمام اہم ڈیٹا شیئر کرے گی


واٹس ایپ نے اس پالیسی کے ذریعے صارف سے اجازت مانگی کہ وہ اُس کی چیٹ، کالز، وائی فائی اور اُس سے جڑنے والے دیگر نمبر، خرید و فروخت سمیت دیگر معلومات فیس بک یا کسی بھی تھرڈ پارٹی کو فراہم کردے

via: Samaa News


Recent Posts

خیبرپختونخوا میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر ڈی میرٹ پوائنٹ سسٹم نافذ کرنے کا فیصلہ

خیبرپختونخوا میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر ڈی میرٹ پوائنٹ سسٹم نافذ کرنے کا…

1 day ago

پشاور کے نوجوان نے ولیمے میں یتیم بچوں، بزرگوں اور خصوصی افراد کو مدعو کرکے منفرد مثال قائم کردی

پشاور کے نوجوان نے ولیمے میں یتیم بچوں، بزرگوں اور خصوصی افراد کو مدعو کرکے…

2 days ago

پشاور سمیت خیبرپختونخوا میں 24 گھنٹے بعد سی این جی اسٹیشنز دوبارہ کھل گئے

پشاور سمیت خیبرپختونخوا میں 24 گھنٹے بعد سی این جی اسٹیشنز دوبارہ کھل گئے پشاور:…

2 days ago

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا پشاور میں ٹرائی سیریز کروانے کا اعلان

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا پشاور میں ٹرائی سیریز کروانے کا اعلان پاکستان…

2 days ago

پشاور میں گیس بحران شدت اختیار کرگیا، بچے بغیر ناشتے سکول جانے پر مجبور

پشاور میں گیس بحران شدت اختیار کرگیا، بچے بغیر ناشتے سکول جانے پر مجبور پشاور…

3 days ago

خیبرپختونخوا کے 14شہروں میں الیکٹرک بس سروس کا منصوبہ، پہلے مرحلے میں 6 شہر شامل

خیبرپختونخوا کے 14شہروں میں الیکٹرک بس سروس کا منصوبہ، پہلے مرحلے میں 6 شہر شامل…

3 days ago