آپ نے اکثر فلموں میں ایسے سین دیکھے ہوں گے جن میں عین شادی کے وقت دولہا یا دلہن غلطی سے تبدیل ہو جاتے ہیں۔ ایسا ہی فلمی سین بھارت کی ریاست مدھیا پردیش میں اس وقت پیش آیا جب رات کے وقت بجلی بند ہوجانے سے دو سگی بہنیں غلط دولہوں سے بیاہی گئیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق مدھیا پردیش کے ایک گائوں میں دو سگی بہنوں نکیتا اور کرشما کی شادی رات کے وقت دو مختلف خاندانوں کے دولہوں دنگوارا بھولا اور گنیش سے ہو رہی تھی کہ رسومات کے دوران اچانک بجلی بند ہوگئی اور تقریب کے مقام پر اندھیرا چھا گیا۔اندھیرا ہوجانے کے باوجود شادی کی رسومات جاری رہیں۔
رپورٹ کے مطابق دونوں بہنوں نے گاؤں کی شادی کی رسومات کے تحت چہرہ ڈھانپ رکھا تھا اورلباس بھی ایک جیسا ہی پہن رکھا تھا، جس کے سبب دونوں کو واضح انداز میں پہچاننا مشکل تھا، لہٰذا دونوں بہنوں نے غلط دولہوں کے سات پھیرے لے لیےاور جب تک بجلی آئی، تب تک پانی سر سے گزر چکا تھا۔
دلہنوں کی غلط دولہوں سے شادی ہوجانے کے بعد خاندانوں میں تکرار بھی ہوئی اور معاملہ کھٹائی میں بھی پڑا، تاہم برادری کے لوگوں نے معاملے کو سلجھایا، جس کے بعد دونوں لڑکیوں کی صحیح دولہوں سے دوبارہ شادی کروائی گئی جس پر دولہا اور دلہن کے گھر والوں سمیت ان کے رشتے دار وں نے بھی سکھ کا سانس لیا۔

