Categories: History

سینکڑوں سال پہلے ہندوستان میں دورانِ جنگ ہاتھیوں کی حفاظت کس طرح کی جاتی تھی؟؟؟

ہندوستان میں ہاتھیوں کی جنگوں میں استعمال کی تاریخ صدیوں پرانی ہے۔ شروعات میں تو راجے مہاراجے انھیں بطور شاہی سواری ہی استعمال کیا کرتے تھے مگر پھر وقت کے ساتھ ساتھ انھیں جنگوں میں بھی استعمال کیا جانے لگا۔ 327 قبل از مسیح میں سکندر اعظم جب ہندوستان پر حملہ آور ہوا تو اس نے پہلی بار لڑائی میں جنگی ہاتھیوں کو دیکھا۔ 18 ویں صدی عیسوی تک ہندوستان میں جنگوں کے دوران ہاتھیوں کا استعمال تو ختم ہو گیا لیکن شاہی سواری اور باربرداری کے طور پر ان کا استعمال جاری رہا جبکہ بھارت، سری لنکا، تھائی لینڈاور میانمار وغیرہ میں آج بھی ہاتھی باربرداری کے لیے استعمال ہو رہے ہیں۔

وسطی ایشیا سے ہندوستان آنے والے مغلوں کے لیے بھی ہاتھی اور اس کا جنگوں میں استعمال نئی چیز تھا۔ پہلے مغل بادشاہ ظہیر الدین بابر کا 1526 میں جب پانی پت کے میدان میں ابراہیم لودھی سے مقابلہ ہوا تو لودھی کے لشکر میں موجود جنگی ہاتھی بابر کے لیے بھی اچنبھے کی بات تھے مگرابراہیم لودھی کے ہاتھی بابر کے لشکر میں موجود توپوں اور ان کے ماہر ترک توپچیوں کے آگے نہ ٹھہر سکے۔ توپوں کی گھن گرج سے وہ بد حواس ہو کر پیچھے کو بھاگے اور اپنے ہی لشکر کو روندتے چلے گئے۔ ہندوستان میں قدم رکھتے وقت بھلے ہی مغل ہاتھیوں کے جنگی استعمال سے واقفیت نہیں رکھتےتھے مگر یہاں قدم جماتے ہی مغلوں نے نہ صرف ہاتھیوں کے جنگی استعمال کو اپنایا بلکہ وہ اس میں کئی جدتیں بھی لے کر آئے۔

جنگ میں شامل ہونے والے ہاتھیوں کی نہ صرف خصوصی تربیت کی جاتی تھی بلکہ جنگ میں جانے سے قبل انھیں حفاظتی نکتہ نگاہ سے خاص طور پر تیار کیا جاتا تھا۔ سب سے پہلے ہاتھی کی کمر پر ایک موٹا سا خوبصورت کپڑا ڈالا جاتا تھا جو بالعموم سرخ یا دیگر شوخ رنگوں کا ہوتا تھا اور اس کے اوپر خوبصورت نقش و نگار بنے ہوتے تھے۔ اس کے اوپر زرہ بکتر ڈالی جاتی اور پھر اس کے اوپر رسیوں اور زنجیروں کی مدد سے مضبوطی کے ساتھ’’ہودا‘‘ باندھا جاتا تھا جس کے اندر بادشاہ یا تیر انداز بیٹھتے تھے جبکہ ہودے کے آگے ہاتھی کی گردن پر ’’مہاوت‘‘ بیٹھتا تھا جو ہاتھی کو کنٹرول کرتا تھا۔

جنگ میں شامل بادشاہ کے ہاتھی اور کچھ دیگر خاص ہاتھیوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیےانھیں لوہے کی پلیٹوں اور کڑیوں کی مدد سے تیار کردہ ایک مضبوط زرہ بکتر پہنائی جاتی تھی جو انھیں شدید زخمی یا ہلاک ہونے سے محفوظ رکھتی تھی۔ یہ زرہ بکتر ہاتھی کے جسم، سر اور سونڈ کو اچھی طرح ڈھانپ لیتی تھی۔ اس کی تیاری سے پہلے اس کے نیچے موٹے کپڑے کا ایک بڑا سا ٹکڑا رکھا جاتا اور پھر اس کے اوپر لوہے کی کڑیوں کے ساتھ دھاتی پلیٹیں جوڑ کو انھیں اچھی طرح اُس کپڑے کے ساتھ سی دیا جاتا تھا۔

زیر نظر تصویر میں دکھائی دینے والی جنگی ہاتھی کی زرہ بکتر مغلیہ عہد سے تعلق رکھتی ہے ۔ یہ زرہ بکتر 1757 کی جنگ پلاسی میں ایسٹ انڈیا کمپنی کے رابرٹ کلائیو کے ہاتھ لگی اور پھر 1801 میں اس کی بیوی لیڈی کلائیو اسے اپنے ساتھ برطانیہ لے آئیں۔آج کل یہ برطانیہ کے شہر لیڈز کے ایک جنگی عجائب گھر میں موجود ہے۔ اس کی نمائش کے لیے ہاتھی کا ایک مجسمہ بنایا گیا ہے جس کے اوپر جنگی لباس میں ملبوس مہاوت اور نیزہ تھامے ایک عدد جنگجو کا مجسمہ بھی بٹھایا گیا ہے۔اس کی دھاتی پلیٹوں پر نہایت خوبصورتی کے ساتھ ہاتھی، مور اور پھول کی اشکال کنندہ کی گئی ہیں جبکہ اس کی ایک جانب کے دھاتی ٹکڑے غائب ہیں اور نیچے نظر آنے والے کپڑے سے یہ سمجھنے میں مدد ملتی ہے کہ جنگی ہاتھیوں کی زرہ بکتر کو کس طرح کپڑے کے اوپر سیا جاتا تھا۔

Recent Posts

خیبرپختونخوا میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر ڈی میرٹ پوائنٹ سسٹم نافذ کرنے کا فیصلہ

خیبرپختونخوا میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر ڈی میرٹ پوائنٹ سسٹم نافذ کرنے کا…

4 hours ago

پشاور کے نوجوان نے ولیمے میں یتیم بچوں، بزرگوں اور خصوصی افراد کو مدعو کرکے منفرد مثال قائم کردی

پشاور کے نوجوان نے ولیمے میں یتیم بچوں، بزرگوں اور خصوصی افراد کو مدعو کرکے…

15 hours ago

پشاور سمیت خیبرپختونخوا میں 24 گھنٹے بعد سی این جی اسٹیشنز دوبارہ کھل گئے

پشاور سمیت خیبرپختونخوا میں 24 گھنٹے بعد سی این جی اسٹیشنز دوبارہ کھل گئے پشاور:…

22 hours ago

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا پشاور میں ٹرائی سیریز کروانے کا اعلان

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا پشاور میں ٹرائی سیریز کروانے کا اعلان پاکستان…

1 day ago

پشاور میں گیس بحران شدت اختیار کرگیا، بچے بغیر ناشتے سکول جانے پر مجبور

پشاور میں گیس بحران شدت اختیار کرگیا، بچے بغیر ناشتے سکول جانے پر مجبور پشاور…

2 days ago

خیبرپختونخوا کے 14شہروں میں الیکٹرک بس سروس کا منصوبہ، پہلے مرحلے میں 6 شہر شامل

خیبرپختونخوا کے 14شہروں میں الیکٹرک بس سروس کا منصوبہ، پہلے مرحلے میں 6 شہر شامل…

2 days ago