a similar incident of fraud was reported
ہم آئے روز موبائل فون اور انٹرنیٹ کے ذریعے لوگوں کو بے وقوف بنا کر انھیں لوٹ لیے جانے کی خبریں سنتے رہتے ہیں۔ نوسر بازی کے ایسے ہی دو تازہ واقعات میں مائونٹ ایورسٹ سر کرنے والے کم عمر ترین پاکستانی کوہ پیما شہروز کاشف اور ٹوکیو اولمپکس میں شاندار کارکردگی دکھانے والے ویٹ لفٹر طلحہ طالب بھی اپنے لاکھوں روپے گنوا بیٹھے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق نوسربازوں نے وفاقی وزیر برائے ایوی ایشن غلام سرور کا پرسنل سیکرٹری بن کر شہروز کاشف کے والد کاشف سلمان کو کال کی۔انڈیپنڈ نٹ نیوز ویب سائٹ کوانٹرویو دیتے ہوئے شہروز کے والد کا کہنا تھا کہ کال کرنے والا شخص ان کے بارے میںسب کچھ جانتا تھا۔ اسے یہ بھی پتا تھا کہ عنقریب ہماری وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات بھی طے ہے اور یہ کہ ہم اس سے پہلے فہمیدہ مرزا سے بھی ملاقات کر چکے ہیں، حتیٰ کہ اسے یہ بھی معلوم تھا کہ شہروز کو مائونٹ ایورسٹ والی مہم پر بھیجنے کے لیے میں نے اپنی گاڑی بھی بیچی تھی ۔ کال پر ان کی وزیر ایوی ایشن غلام سرور سے بھی بات کروائی گئی جبکہ پیچھے وائرلیس پر کوئی پیغام بھی چل رہا تھا جیسے کسی دفتر کا ماحول ہو۔ کاشف سلمان کے مطابق غلام سرور کا پی اے بن کر بات کرنے والے شخص نے اپنا نام رجب بتایا اور کہا کہ ہم شہروز کو تحفے میں ایک گاڑی دینا چاہ رہے ہیں اور اس کے علاوہ اسے پی آئی اے میں نوکری بھی دی جائے گی۔ نو سربازوں نے شہروز کے والد سے ان کا شناختی کارڈ مانگا جو انھوں نے بھیج دیا۔اس کے بعد انھیں لاہور کے علاقے ڈیفنس میں ایک مقام پر بلوا کر ان سے ڈھائی لاکھ روپے لیے گئے اور انھیں ایک لفافہ تھما دیا گیا کہ اسے لے کر ڈرائی پورٹ چلے جائیے اور اپنی گاڑی وہاں سے لے آئیں۔ اس کے بعد کاشف سلمان نے جب غلام سرور کے پی اے کو کال کی تو اس کا نمبر بند تھا اور جب وہ ڈرائی پورٹ پہنچے تو انھیں پتا چلا کہ ایسا کوئی معاملہ نہیں ہے۔ لفافے کو کھولنے پر اس کے اندر سے دو سادہ کاغذ بر آمد ہوئے جن پر کچھ لکھا ہوا نہیں تھا۔ شہروز کے والد نے اس واقعے کی ایف آئی آر برکی تھانے میں جمع کروا دی ہے۔
اس سے قبل گزشتہ ماہ پیش آنے والے ایک واقعے میں اولمپئین ویٹ لفٹر طلحہ طالب کے ساتھ بھی ایسا ہی فراڈ کیا گیا تھا۔ طلحہ کو بھی کسی نے وزیر برائے ایوی ایشن کا پرسنل سیکرٹری بن کر 16 اگست کو کال کی اور کہا کہ وفاقی وزیر غلام سرور انہیں ان کی اچھی کارکردگی پر گاڑی انعام میں دینا چاہتے ہیں۔ اس کے بعد انہیں 20 اگست کو اسی شخص کی جانب سے کال آئی کہ وہ سمبڑیال ڈرائی پورٹ سے اپنی گاڑی لے جائیں لیکن گاڑی کے تین لاکھ روپے ہینڈلنگ چارجز ہیں وہ پہلے جمع کروا دیں۔ طلحہ کے مطابق انہیں اولمپکس میں اچھی کارکردگی دکھانے پر انعام کے طور پرجو رقم ملی تھی وہ انھوں نے اس شخص کی جانب سے دیے گئے بینک اکاؤنٹ میں جمع کروا دی۔ بعد ازاں جب وہ ڈرائی پورٹ گئے تو وہاں کچھ نہیں تھا جبکہ کال کرنے والے شخص کا فون بند تھا۔طلحہ طالب نے اپنے ساتھ ہونے والے فراڈ کی شکایت وزیر اعظم شکایت سیل میں درج کروا رکھی ہے، تاہم ابھی تک شہروز کاشف اور طلحہ طالب کے ساتھ فراڈ کرنے والوں کا کوئی سراغ نہیں لگایا جا سکا۔
خیبرپختونخوا میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر ڈی میرٹ پوائنٹ سسٹم نافذ کرنے کا…
پشاور کے نوجوان نے ولیمے میں یتیم بچوں، بزرگوں اور خصوصی افراد کو مدعو کرکے…
پشاور سمیت خیبرپختونخوا میں 24 گھنٹے بعد سی این جی اسٹیشنز دوبارہ کھل گئے پشاور:…
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا پشاور میں ٹرائی سیریز کروانے کا اعلان پاکستان…
پشاور میں گیس بحران شدت اختیار کرگیا، بچے بغیر ناشتے سکول جانے پر مجبور پشاور…
خیبرپختونخوا کے 14شہروں میں الیکٹرک بس سروس کا منصوبہ، پہلے مرحلے میں 6 شہر شامل…