خیبرپختونخوا کے 14شہروں میں الیکٹرک بس سروس کا منصوبہ، پہلے مرحلے میں 6 شہر شامل
ویب ڈیسک: خیبر پختونخوا کے 14 بڑے شہروں میں الیکٹرک بس سروس کا منصوبہ ابتدائی مرحلے میں ہے، جس میں سب سے پہلے 6 شہر شامل ہیں، جن میں پشاور، ایبٹ آباد، مردان، نوشہرہ، سوات اور کوہاٹ میں الیکٹرک بسیں شروع کرنے کی تجویز پر حکام سے فیزیبلٹی رپورٹس طلب کر لی گئی، جبکہ پشاور سے نوشہرہ تک بی آر ٹی کی توسیع پر بھی کام جاری ہے۔
واقعات کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے کے 14 بڑے شہروں میں جدید الیکٹرک بسیں شروع کرنے کے منصوبے پر کام کا آغاز کر دیا، ابتدائی مرحلے میں پشاور سمیت 6 بڑے شہروں میں بسیں چلانے کی تجویز زیر غور ہے، جس کے لیے متعلقہ حکام سے فیزیبلٹی رپورٹس اور ضروری تفصیلات طلب کر لی گئی ہیں۔
منصوبے کا مقصد شہریوں کو جدید، آرام دہ اور ماحول دوست سفری سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ گاڑیوں سے پیدا ہونے والی فضائی آلودگی میں کمی لانا ہے۔
مجوزہ منصوبے کے ابتدائی مرحلے میں پشاور، ایبٹ آباد، مردان، نوشہرہ، سوات اور کوہاٹ میں سروس شروع کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ اس سلسلے میں متعلقہ حکام سے ان شہروں میں بس سروس کے اجرا کے لیے فیزیبلٹی رپورٹس اور دیگر ضروری معلومات طلب کی گئی ہیں تاکہ منصوبے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لے کر آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جا سکے۔
منصوبے کے دوسرے مرحلے میں خیبرپختونخوا کے دیگر بڑے شہروں میں بھی یہ نایاب سروس شروع کرنے کی تجویز ہے، جس کے بعد مجموعی طور پر 14 شہروں کو اس منصوبے میں شامل کیا جائے گا۔
حکام کی جانب سے ابتدائی اقدامات شروع کر دیے گئے ہیں، جبکہ منصوبے کی لاگت، تکنیکی ضروریات اور عملی نفاذ سمیت مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ دوسری جانب پشاور سے نوشہرہ تک بی آر ٹی سروس کا دائرہ کار بڑھانے کے لیے درکار اخراجات سے متعلق رپورٹ بھی تیار کر لی گئی ہے۔
اس کے علاوہ پشاور کے مزید علاقوں تک بی آر ٹی سروس کی توسیع اور نئے روٹس شامل کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں، جس سے شہریوں کو پبلک ٹرانسپورٹ کی مزید سہولیات فراہم کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ خیبرپختونخوا میں صوبائی سطح پر پہلی مرتبہ متعدد بڑے شہروں میں سروس شروع کرنے کا منصوبہ بنایا جا رہا ہے۔ منصوبے پر عمل درآمد کی صورت میں شہریوں کو جدید سفری سہولیات میسر آنے کے ساتھ ٹرانسپورٹ کے شعبے میں بجلی سے چلنے والی گاڑیوں کے استعمال کو فروغ ملنے کی توقع ہے۔


