سمندر میں انٹرنیٹ کی اہم سب میرین کیبل میں خرابی، صارفین کو سست رفتار اور کنیکٹیوٹی مسائل کا خدشہ
صارفین کو ممکنہ مشکلات سے بچانے کیلئے متبادل بین الاقوامی کیبل لنکس کے ذریعے انٹرنیٹ ٹریفک منتقل کی جا رہی ہے، پی ٹی اے
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے کہا ہے کہ پاکستان کے قریب بین الاقوامی سب میرین کیبل سسٹم ایس ای اے-ایم ای-ڈبلیو ای-5 (ایس ایم ڈبلیو5) میں خرابی رپورٹ ہوئی ہے، جس کے باعث ملک بھر میں بعض انٹرنیٹ صارفین کو وقفے وقفے سے کنیکٹیوٹی مسائل اور سروس کے معیار میں کمی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
پاکستان میں بین الاقوامی سب میرین کیبلز میں خرابی کے باعث انٹرنیٹ سروس متاثر ہونے کے واقعات ماضی میں بھی پیش آ چکے ہیں۔ رواں سال 2 جولائی کو بھی ایس ای اے-ایم ای-ڈبلیو ای-5 (ایس ایم ڈبلیو5) کیبل میں تکنیکی خرابی رپورٹ ہوئی تھی، جس کے باعث ملک میں بعض صارفین کو انٹرنیٹ کی رفتار میں کمی اور کنیکٹیوٹی کے مسائل کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
بدھ کو جاری کردہ پی ٹی اے کے اعلامیے کے مطابق سب میرین کیبل میں خرابی پاکستان کے ساحل سے تقریباً 11 کلومیٹر دور پیش آئی ہے۔


