خیبرپختونخوا کے ڈگری کالجز میں سٹوڈنٹس ای اٹینڈنس سسٹم کا آغاز

Student e-attendance system launched in degree colleges of Khyber Pakhtunkhwa

خیبرپختونخوا کے ڈگری کالجز میں سٹوڈنٹس ای اٹینڈنس سسٹم کا آغاز

پشاور، 10 ستمبر: خیبرپختونخوا کے محکمہ اعلیٰ تعلیم نے صوبے کے ڈگری کالجز میں سٹوڈنٹس ای اٹینڈنس سسٹم متعارف کرا دیا، جس کے ذریعے والدین گھر بیٹھے اپنے بچوں کی کالج حاضری سے باخبر رہ سکیں گے۔

صوبائی وزیر برائے اعلیٰ تعلیم و بلدیات مینا خان آفریدی نے گورنمنٹ ڈگری کالج پشاور میں سٹوڈنٹس ای اٹینڈنس سسٹم کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر محکمہ اعلیٰ تعلیم خیبرپختونخوا اور زونگ ٹیلی کام کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر بھی دستخط کیے گئے۔

تقریب میں سیکرٹری اعلیٰ تعلیم، ڈائریکٹر اعلیٰ تعلیم، زونگ ٹیلی کام کے نمائندگان، اساتذہ اور طلبہ نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مینا خان آفریدی نے بتایا کہ ای اٹینڈنس سسٹم کے ذریعے والدین کو ایس ایم ایس کے ذریعے بروقت حاضری کی اطلاع دی جائے گی۔ والدین یہ بھی جان سکیں گے کہ ان کا بچہ کس کلاس میں حاضر یا غیر حاضر رہا۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے محکمہ اعلیٰ تعلیم کے نظام کو مزید شفاف اور مؤثر بنایا جا رہا ہے۔ ڈیجیٹل نظام کے ذریعے طلبہ کی حاضری کی نگرانی کے ساتھ والدین اور تعلیمی اداروں کے درمیان رابطہ بھی بہتر ہوگا۔

مینا خان آفریدی نے کہا کہ محکمہ اعلیٰ تعلیم میں ای ٹرانسفر سسٹم پہلے ہی متعارف کرایا جاچکا ہے، جبکہ صوبے کی جامعات کے لیے رینکنگ نظام بھی شروع کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ دور دراز اور مشکل علاقوں میں خدمات انجام دینے والے اساتذہ کی حوصلہ افزائی کے لیے ہارڈ ایریا الاؤنس شروع کیا جا رہا ہے، تاکہ ان علاقوں میں تدریسی عمل کو مزید مؤثر بنایا جاسکے۔

صوبائی وزیر نے گورنمنٹ ڈگری کالج پشاور میں جدید سہولیات سے آراستہ ہال تعمیر کرنے کا اعلان بھی کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ تعلیمی اداروں میں طلبہ کو بہتر تعلیمی اور ہم نصابی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ اعلیٰ تعلیم میں ڈیجیٹائزیشن کا عمل جاری رہے گا اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے تعلیمی نظام میں شفافیت، میرٹ اور مؤثر نگرانی کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔


Tags:
Categories:
Latest News

Leave a Reply

Peshawar Live - پشاور