پاکستان تاریخی سنگ میل سے چند روز کی دوری پر، پہلا خلا باز 25 نومبر کو خلا کیلئے روانہ ہوگا

پاکستان تاریخی سنگ میل سے چند روز کی دوری پر، پہلا خلا باز 25 نومبر کو خلا کیلئے روانہ ہوگا

کراچی: پاکستان کے خلائی ادارے سپارکو نے اعلان کیا ہے کہ ایک پاکستانی خلا باز چین کے شین ژو 24مشن کے تحت تیانگونگ خلائی اسٹیشن کا سفر کرے گا۔ یہ پاکستان کے خلائی پروگرام کی تاریخ میں پہلا موقع ہوگا جب کوئی پاکستانی شہری خلائی مشن میں حصہ لے گا۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے 18 اکتوبر کو اعلان کیا تھا کہ پاکستان کا پہلا خلا باز 25 نومبر کو چین سے خلائی سفر پر روانہ ہوگا۔ اس سے قبل اپریل میں وزیراعظم شہباز شریف نے اس مشن کے لیے منتخب کیے گئے خلا بازوں سے ملاقات بھی کی تھی اور اسے پاکستان کے خلائی سفر میں تاریخی سنگ میل قرار دیا تھا۔

سپارکو کے ترجمان کے مطابق پاکستانی خلا باز مشن میں پے لوڈ اسپیشلسٹ کی حیثیت سے فرائض انجام دے گا۔ اس طرح پاکستان پہلی مرتبہ چین کے خلائی اسٹیشن کے انسانی خلائی مشن میں شریک ہوگا، جبکہ پاکستانی خلا باز تیانگونگ خلائی اسٹیشن جانے والا پہلا غیر ملکی شہری بھی بن جائے گا۔

https://x.com/PakTVGlobal/status/2122960010397483174

پاکستان کے دو نامزد خلا بازوں محمد ذیشان علی اور خرم داؤد نے چین میں خلائی تربیت کامیابی سے مکمل کرلی ہے۔ ان دونوں میں سے ایک کو تاریخی مشن کے لیے پاکستان کی نمائندگی کا موقع دیا جائے گا۔

دوسری جانب چین کی خلائی ایجنسی نے شین ژو 24 مشن کا سرکاری لوگو بھی جاری کردیا ہے، جس میں پاکستان کے قومی پھول چنبیلی کو شامل کیا گیا ہے۔ سپارکو کے مطابق لوگو میں چنبیلی کی شمولیت پاکستان اور چین کی دیرینہ دوستی اور اسٹریٹجک شراکت داری کی علامت ہے، جو خلائی تحقیق سمیت مختلف شعبوں میں دونوں ممالک کے بڑھتے ہوئے تعاون کی عکاسی کرتی ہے۔

چینی حکام کے مطابق شین ژو 24 مشن کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہوچکی ہیں۔ خلائی جہاز اور اسے لے جانے والا لانگ مارچ 2 ایف راکٹ اچھی حالت میں ہیں، جبکہ لانچنگ مرکز کی تنصیبات اور آلات بھی معمول کے مطابق کام کر رہے ہیں۔

چائنا مینڈ اسپیس ایجنسی کے مطابق خلائی جہاز اور راکٹ کو تقریباً ڈیڑھ کلومیٹر طویل ریلوے ٹریک کے ذریعے عمودی حالت میں منتقل کیا گیا، جس میں تقریباً 90 منٹ لگے۔ چین کے شمال مغربی علاقے گوبی صحرا میں واقع جیوکوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر میں سرد موسم کے پیش نظر خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔

لانچنگ ٹاور پر بجلی کی فراہمی مستحکم رکھنے کے لیے تقریباً 20 وولٹیج اسٹیبلائزیشن آلات نصب کیے گئے ہیں، جبکہ دو دہائیوں سے زائد عرصے سے استعمال ہونے والے ایندھن بھرنے کے پمپ بھی تبدیل کردیے گئے ہیں۔

چین نے ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے متبادل خلائی جہاز اور راکٹ بھی تیار رکھے ہیں۔ لانگ مارچ 2 ایف وائی 25 راکٹ اور شین ژو 25 خلائی جہاز کو ہنگامی ریسکیو مشن کے لیے اسٹینڈ بائی پر رکھا گیا ہے، تاکہ مدار میں کسی مشکل کی صورت میں فوری امدادی کارروائی کی جاسکے۔

لانچنگ سینٹر میں درجہ حرارت تقریباً ایک ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی توقع ہے۔ سردی سے خلائی جہاز اور راکٹ کو محفوظ رکھنے کے لیے خصوصی حرارتی نظام، حفاظتی ڈھانچے اور درجہ حرارت کنٹرول کرنے والے آلات نصب کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ موسمی حالات کی مسلسل نگرانی بھی کی جارہی ہے۔

ایک اور اہم پیش رفت میں انکشاف ہوا ہے کہ مشن کے لیے منتخب دونوں پاکستانی خلا بازوں نے اسلام آباد کے کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ میں چینی زبان کی تعلیم بھی حاصل کی ہے۔

بیجنگ لینگویج اینڈ کلچر یونیورسٹی کے پارٹی کمیٹی کے سیکریٹری کو ژاؤ وائی نے 13 نومبر کو ورلڈ چائنیز لینگویج کانفرنس 2026 کے موقع پر بتایا کہ دونوں خلا باز پہلے اسلام آباد میں چینی زبان سیکھ چکے ہیں۔

ان کے مطابق خلائی تحقیق جیسے حساس اور تکنیکی شعبوں میں زبان پر عبور انتہائی اہمیت رکھتا ہے، کیونکہ اس سے تکنیکی ہدایات، سائنسی اصطلاحات اور عملی طریقہ کار کو درست طور پر سمجھنے میں مدد ملتی ہے۔

سپارکو کے ترجمان کے مطابق یہ مشن پاکستان کے انسانی خلائی سفر کے پروگرام میں ایک نئے باب کا آغاز ہوگا اور چین کے ساتھ سائنسی تحقیق، ٹیکنالوجی اور خلائی تعاون کو مزید فروغ دے گا۔

Recent Posts

پشاور میں گیس بحران شدت اختیار کرگیا، بچے بغیر ناشتے سکول جانے پر مجبور

پشاور میں گیس بحران شدت اختیار کرگیا، بچے بغیر ناشتے سکول جانے پر مجبور پشاور…

7 hours ago

خیبرپختونخوا کے 14شہروں میں الیکٹرک بس سروس کا منصوبہ، پہلے مرحلے میں 6 شہر شامل

خیبرپختونخوا کے 14شہروں میں الیکٹرک بس سروس کا منصوبہ، پہلے مرحلے میں 6 شہر شامل…

1 day ago

سمندر میں انٹرنیٹ کی اہم سب میرین کیبل میں خرابی، صارفین کو سست رفتار اور کنیکٹیوٹی مسائل کا خدشہ

سمندر میں انٹرنیٹ کی اہم سب میرین کیبل میں خرابی، صارفین کو سست رفتار اور…

2 days ago

خیبر پختونخوا میں ڈینگی وائرس کیسز کی تعداد 6 ہزار سے تجاوز کر گئی

خیبر پختونخوا میں ڈینگی وائرس کیسز کی تعداد 6 ہزار سے تجاوز کر گئی پشاور(…

2 days ago

پشاور میں مبینہ جعلی میڈیکل کونسل پر ایف آئی اے کا چھاپہ، چیئرمین گرفتار

پشاور میں مبینہ جعلی میڈیکل کونسل پر ایف آئی اے کا چھاپہ، چیئرمین گرفتار پشاور:…

2 days ago

پشاور میں خواتین کی شکایات پر فوری کارروائی، موقع پر ریلیف اور 4.2 ارب روپے کی جائیدادیں دلوانے کا انکشاف

پشاور میں خواتین کی شکایات پر فوری کارروائی، موقع پر ریلیف اور 4.2 ارب روپے…

2 days ago