Construction work on Imran Khan Cricket Stadium completed, inauguration expected soon: Syed Fakhar Jahan
پشاورلائیو (محمد سعد) صوبائی وزیر برائے کھیل و امور نوجوانان سید فخر جہاں نے کہا ہے کہ عمران خان کرکٹ سٹیڈیم (سابقہ ارباب نیاز کرکٹ سٹیڈیم) میں تعمیراتی کام مکمل کر لیا گیا ہے اور نمائشی میچ کے لیے تمام تیاریاں مکمل ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سٹیڈیم کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ اب پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) پر منحصر ہے کہ کب نمائشی میچ کا انعقاد کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور سٹیڈیم کا باضابطہ افتتاح ایک نمائشی میچ کے دوران کریں گے، جس کے بعد یہ میدان کرکٹ کے مختلف مقابلوں کے لیے مکمل طور پر کھول دیا جائے گا۔
فخر جہاں نے مزید کہا کہ پشاور میں ثقافتی کھیلوں کے فروغ کے لیے ایک نیا اور بڑا سٹیڈیم بھی تعمیر کیا جائے گا، جہاں تمام جدید سہولیات دستیاب ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں کرکٹ کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے اور عمران خان کرکٹ سٹیڈیم کی تعمیر سے مقامی کھلاڑیوں کو اپنی کارکردگی نکھارنے کے بہترین مواقع میسر آئیں گے۔
اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل سپورٹس تاشفین حیدر، اسسٹنٹ ڈائریکٹر فنانس شاہ فیصل، ڈائریکٹر سٹیڈیم سلیم رضا اور ایکس ای این ریاض بنگش بھی موجود تھے، جنہوں نے سٹیڈیم کی تکمیل سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔
ایک سوال کے جواب میں صوبائی وزیر نے بتایا کہ سٹیڈیم کا نام صوبائی کابینہ کے فیصلے کے مطابق “عمران خان کرکٹ سٹیڈیم” رکھا گیا ہے اور سٹیڈیم کے تمام انکلوژرز خیبرپختونخوا کے معروف کھلاڑیوں کے ناموں سے منسوب کیے جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہے کہ جلد از جلد یہاں پی ایس ایل، ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل کرکٹ میچز منعقد کیے جائیں تاکہ خیبرپختونخوا کے شائقین کرکٹ اپنے ہیروز کو اپنے شہر میں ایکشن میں دیکھ سکیں۔
خیبرپختونخوا میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر ڈی میرٹ پوائنٹ سسٹم نافذ کرنے کا…
پشاور کے نوجوان نے ولیمے میں یتیم بچوں، بزرگوں اور خصوصی افراد کو مدعو کرکے…
پشاور سمیت خیبرپختونخوا میں 24 گھنٹے بعد سی این جی اسٹیشنز دوبارہ کھل گئے پشاور:…
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا پشاور میں ٹرائی سیریز کروانے کا اعلان پاکستان…
پشاور میں گیس بحران شدت اختیار کرگیا، بچے بغیر ناشتے سکول جانے پر مجبور پشاور…
خیبرپختونخوا کے 14شہروں میں الیکٹرک بس سروس کا منصوبہ، پہلے مرحلے میں 6 شہر شامل…