پشاور اور لاہور کے درمیان 9 نومبر سے براہِ راست پروازیں شروع کرنے کا اعلان
پشاور: گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اعلان کیا ہے کہ 9 نومبر، یومِ اقبال کے موقع پر پشاور اور لاہور کے درمیان براہِ راست فضائی سروس کا باقاعدہ آغاز کیا جائے گا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر نے بتایا کہ ساؤتھ ایئرویز کے تعاون سے دونوں شہروں کے درمیان فضائی رابطہ بحال کیا جا رہا ہے۔ اس سروس کے ذریعے پشاور سے لاہور کا سفر تقریباً 50 منٹ سے ایک گھنٹے میں مکمل ہو سکے گا۔
ابتدائی مرحلے میں اس روٹ پر ہفتے میں چار پروازیں چلائی جائیں گی، جبکہ پہلی پرواز 9 نومبر کو دوپہر تقریباً ایک بجے پشاور سے لاہور کے لیے روانہ ہوگی۔
فیصل کریم کنڈی کے مطابق اس فضائی سروس سے لاہور میں مقیم خیبر پختونخوا کے شہریوں، تاجروں اور سرکاری ملازمین کو تیز اور آسان سفری سہولت میسر آئے گی۔
گورنر نے بتایا کہ پشاور سے کوئٹہ کے لیے براہِ راست پروازیں بھی جاری ہیں، جبکہ ڈیرہ اسماعیل خان، چترال اور پاراچنار کے لیے فضائی رابطے بحال کرنے پر کام کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ صوبے کے تمام علاقوں کو فضائی راستوں سے منسلک کرنے اور پشاور کو دوبارہ پھولوں کا شہر بنانے کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔


