پشاور شہر کی تمام رکشہ اور گاڑیوں کی ورکشاپس رنگ روڈ منتقل کرنے کا فیصلہ
پشاور: صوبائی حکومت کی ہدایات پر کمشنر پشاور ڈویژن کیپٹن (ر) خالد محمود نے شہر میں ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے لیے رکشوں سمیت تمام گاڑیوں کی ورکشاپس رنگ روڈ منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس سلسلے میں کمشنر نے ڈپٹی کمشنر پشاور آفاق وزیر کو رنگ روڈ پر ورکشاپس کے لیے مخصوص جگہ کا تعین کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
کمشنر خالد محمود کے مطابق سٹی سرکلر روڈ سمیت پشاور کے مختلف علاقوں میں قائم رکشہ، مکینیکل، ڈینٹر اور الیکٹریشن ورکشاپس ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ کا باعث بن رہی ہیں۔
انہوں نے ہدایت کی ہے کہ رنگ روڈ پر ایسی جگہ مختص کی جائے جہاں تمام ورکشاپس ایک ہی مقام پر قائم کی جا سکیں اور گاڑیوں کے مالکان اور ڈرائیوروں کو ایک ہی جگہ تمام ضروری سہولیات میسر ہوں۔
انتظامیہ کے مطابق اس اقدام کا مقصد شہر میں ٹریفک کے مسائل کم کرنا، شہریوں کو سہولت فراہم کرنا اور پشاور کی خوبصورتی بہتر بنانا ہے۔


