نتھیاگلی مکشپوری ٹاپ سے لاپتہ پشاور کی 5 رکنی فیملی بحفاظت ریسکیو
ایبٹ آباد: نتھیاگلی مکشپوری ٹاپ پر لاپتہ ہونے والی پشاور سے تعلق رکھنے والی 5 رکنی فیملی کو ریسکیو 1122 کی سرچ اینڈ ریسکیو ٹیموں نے بحفاظت تلاش کرلیا۔
ریسکیو 1122 کے ترجمان کے مطابق مکشپوری ٹاپ پر 5 افراد پر مشتمل فیملی کے لاپتہ ہونے کی اطلاع ملتے ہی سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق لاپتہ افراد میں 3 خواتین اور 2 مرد شامل تھے۔ تمام افراد کا تعلق پشاور سے بتایا گیا ہے۔
لاپتہ افراد میں محمد عثمان، عمر 29 سال، فرید رضوان، عمر 45 سال، شبانہ رفیق، عمر 40 سال، سنیلہ عثمان، عمر 27 سال، اور سعدیہ فرید، عمر 34 سال شامل ہیں۔
ریسکیو ٹیموں نے مسلسل سرچ آپریشن کے بعد پانچوں افراد کو بحفاظت تلاش کرلیا۔ ریسکیو اہلکاروں نے تمام افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے کا عمل بھی شروع کردیا۔
ریسکیو 1122 کے ترجمان کے مطابق بروقت کارروائی اور مؤثر سرچ آپریشن کے نتیجے میں پانچوں افراد کو بحفاظت ریسکیو کرلیا گیا۔


