Peshawar: Decision to shut down mobile phone service due to security concerns
پشاور: خیبرپختونخوا حکومت اور پولیس نے محرم الحرام کے دوران امن و امان برقرار رکھنے اور مجالس و جلوسوں کے تحفظ کے لیے جامع سکیورٹی پلان تیار کر لیا ہے۔ پشاور میں تقریباً 12 ہزار پولیس افسران اور اہلکار سکیورٹی اور ٹریفک ڈیوٹی سرانجام دیں گے، جبکہ صوبہ بھر میں 43 ہزار سے زائد سکیورٹی اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔
پولیس حکام کے مطابق پشاور میں سکیورٹی پلان کے تحت آر آر ایف، اے ٹی ایس، کیو آر ایف، لیڈیز پولیس، ٹریفک پولیس، بم ڈسپوزل یونٹ، ابابیل اسکواڈ، سٹی پٹرولنگ فورس اور ڈی ایس بی سمیت مختلف یونٹس کو ڈیوٹیوں پر مامور کیا گیا ہے۔
تمام امام بارگاہوں، مجالس اور جلوسوں کے روٹس کی بم ڈسپوزل یونٹ اور سنفر ڈاگز کے ذریعے مسلسل چیکنگ اور سویپنگ کی جائے گی، جبکہ سیف سٹی پراجیکٹ کے تحت کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹرز سے حساس مقامات کی 24 گھنٹے نگرانی جاری رہے گی۔
حکام کے مطابق شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر چیکنگ مزید سخت کر دی گئی ہے جبکہ ضلع بھر میں انٹیلی جنس بیسڈ سرچ اینڈ اسٹرائیک آپریشنز بھی جاری ہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کا بروقت تدارک کیا جا سکے۔
ماتمی جلوسوں کو تھری لیئر سکیورٹی فراہم کی جائے گی، جبکہ جلوسوں کے راستوں پر روف ٹاپ گن پوائنٹس اور اضافی نفری بھی تعینات کی جائے گی۔ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے ایک ہزار سے زائد ٹریفک پولیس اہلکار فرائض انجام دیں گے۔
سکیورٹی خدشات کے پیش نظر صوبے کے 14 حساس اور حساس ترین اضلاع میں نویں اور دسویں محرم کو جزوی طور پر موبائل اور انٹرنیٹ سروس معطل کرنے کی سفارش بھی کی گئی ہے۔ اس حوالے سے محکمہ داخلہ کو باضابطہ مراسلہ ارسال کر دیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق پشاور، کوہاٹ، ہنگو، ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک، بنوں، لکی مروت اور ضلع کرم کو حساس ترین اضلاع قرار دیا گیا ہے، جبکہ مزید 6 اضلاع کو حساس کیٹیگری میں شامل کیا گیا ہے۔
محرم الحرام کے دوران جلوسوں کے روٹس اور اہم مقامات کی فضائی نگرانی کے لیے ہیلی کاپٹروں اور ڈرونز کے استعمال کا فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ حساس علاقوں میں جدید اینٹی ڈرون سسٹم بھی فعال رکھا جائے گا۔
دوسری جانب مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کی زیر صدارت اجلاس میں اعلان کیا گیا کہ محرم الحرام 1448 ہجری کا چاند نظر نہیں آیا، جس کے بعد یکم محرم 17 جون جبکہ یوم عاشور 26 جون بروز جمعہ ہوگا۔
صوبائی حکومت نے یکم محرم الحرام کے موقع پر صوبے بھر میں عام تعطیل کا اعلان بھی کر دیا ہے۔ جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق تمام سرکاری دفاتر اور متعلقہ ادارے بند رہیں گے اور تعطیل کا اطلاق مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے فیصلے کے مطابق ہوگا۔
پشاور: خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں پہلی روبوٹک گھٹنے کی تبدیلی کی سرجری پشاور: خیبر ٹیچنگ…
پشاور میں احتجاج کرنے والے یونیورسٹی طلباء پر سیکیورٹی گارڈز کی فائرنگ طلباء ہاسٹل میں…
مہنگائی نے پشاور کے گھرانوں کو قرض لینے پر مجبور کردیا، 89 فیصد خاندان مقروض پشاور (…
خیبرپختونخوا میں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مشترکہ کارروائی، مولانا ادریس کی…
پشاور میں شادی کی تاریخ سے انکار پر فائرنگ، 22سالہ لڑکی جاں بحق پشاور:تھانہ پہاڑی…
خیبرپختونخوا : بھانجےکی ٹک ٹاک ویڈیوز پر اعتراض، بھائی نے بہن اور بھانجی کو قتل…