پشاور: انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں افغان دہشت گرد گرفتار
حکمت اللہ عرف حمزہ ولد نور محمد کو پشاور کے قریب سے گرفتار کیا گیا، ایڈیشنل آئی جی پولیس خیبر پختونخوا
پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے ملک میں دہشت گردی کی منصوبہ بندی کرنے کے الزام میں ایک افغان دہشت گرد کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
پشاور میں ایڈیشنل آئی جی پولیس عباس احسن اور سیکریٹری اطلاعات ایریا ڈویلپمنٹ سیکٹر محمود جان نے پریس کانفرنس کے دوران افغان دہشت گرد کی گرفتاری کی تصدیق کی۔
ایڈیشنل آئی جی پولیس نے کہا کہ پاکستان گزشتہ 2 دہائیوں سے دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہا ہے۔ اس جنگ میں ہمارے صوبے، قوم اور پشتونوں نے بہت قربانیاں دی ہیں۔ ہم نے دہشت گردی کا سینہ تان کر مقابلہ کیا ہے اور آگے بھی کرتے رہیں گے۔
ان کے بقول اس دہشت گردی میں سرحد پار افغان سرزمین استعمال ہوتی آ رہی ہے۔
پریس کانفرنس کے دوران ایڈیشنل آئی جی پولیس نے بتایا، ‘ہمیں ایک بریک تھرو ملا ہے اور سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ایک انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران ایک ’دہشت گرد خارجی‘ حکمت اللہ عرف حمزہ ولد نور محمد کو گرفتار کرلیا ہے۔’
انہوں نے بتایا کہ یہ دہشت گرد تیراک وادی سے ہوتا ہوا آیا تھا جہاں پشاور کے قریب سے اسے گرفتار کیا گیا۔


