غیر قانونی مہاجرین کے خلاف ممکنہ آپریشن، پشاور میں تیاریاں تیز
پشاور: غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کے خلاف ممکنہ آپریشن کے پیش نظر پشاور میں انتظامات تیز کر دیے گئے ہیں، جبکہ ذرائع کا کہنا ہے کہ شہر کو مختلف سیکٹرز میں تقسیم کر کے کارروائی کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے رہائشی علاقوں اور کاروباری مراکز میں الگ الگ کارروائیاں کریں گے۔ اس سلسلے میں بعض تجارتی علاقوں میں چیکنگ کا عمل بھی تیز کر دیا گیا ہے۔
کچھ افغان مہاجرین نے دعویٰ کیا ہے کہ مختلف علاقوں سے پی او آر کارڈ اور افغان پاسپورٹ رکھنے والے افراد کو بھی حراست میں لیا گیا ہے، جس پر اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین (یو این ایچ سی آر) سے بھی رابطہ کیا گیا ہے۔ تاہم اس حوالے سے پولیس یا متعلقہ حکام کی جانب سے باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جناح پارک روڈ، کوچی بازار اور شہر کے دیگر کاروباری مراکز میں کارروائیوں کے باعث افغان تاجروں اور مہاجرین میں تشویش پائی جا رہی ہے۔
دوسری جانب وطن واپسی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ روز ایک ہی دن میں چار ہزار سے زائد افغان مہاجر خاندان افغانستان واپس روانہ ہوئے۔
سرکاری سطح پر تاحال 10 جولائی سے وسیع پیمانے پر آپریشن یا ایمرجنسی کے نفاذ سے متعلق کوئی باضابطہ اعلامیہ جاری نہیں کیا گیا۔


