خیبرپختونخوا میں سیاحوں کی حفاظت کے لیے خصوصی آگاہی مہم شروع
پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے سیاحت و ثقافت ملک عدیل اقبال کی ہدایات پر صوبے کے مختلف سیاحتی مقامات پر آنے والے ملکی و غیرملکی سیاحوں کی حفاظت اور رہنمائی کے لیے خصوصی آگاہی مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی شاہد خان مہمند کے مطابق سیاحوں میں حفاظتی ہدایات پر مشتمل بروشرز اور پمفلٹس تقسیم کیے جا رہے ہیں، جبکہ ہزارہ اور ملاکنڈ ڈویژن کے مختلف سیاحتی مقامات پر خصوصی ٹیمیں بھی تعینات کر دی گئی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ٹیمیں سیاحوں کو دریاؤں، ندی نالوں اور دیگر خطرناک مقامات سے محفوظ رہنے، ذمہ دارانہ سیاحت اختیار کرنے اور ممکنہ خطرات سے بچنے کے لیے ضروری احتیاطی تدابیر سے آگاہ کر رہی ہیں۔
ڈی جی ٹورازم اتھارٹی کے مطابق چکدرہ، سوات، ناران، چترال سمیت صوبے کے دیگر اہم سیاحتی مقامات پر آگاہی مہم بھرپور انداز میں جاری ہے تاکہ سیاح محفوظ ماحول میں اپنے سفر سے لطف اندوز ہو سکیں۔
شاہد خان مہمند نے کہا کہ خیبرپختونخوا آنے والے تمام سیاح ہمارے معزز مہمان ہیں اور ان کی رہنمائی، حفاظت اور ہر ممکن سہولت کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے سیاحوں سے اپیل کی کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال، رہنمائی یا شکایت کی صورت میں ٹورازم ہیلپ لائن 1422 یا صوبائی ایمرجنسی ہیلپ لائن 911 پر فوری رابطہ کریں، جو چوبیس گھنٹے فعال ہیں۔


