پشاور میں فلیش لائٹس کے خلاف ٹریفک پولیس کا کریک ڈاؤن، فروخت کرنے والوں کے خلاف بھی کارروائی کا فیصلہ
پشاور: سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے شہریوں کے تحفظ اور ٹریفک حادثات کی روک تھام کے لیے گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں میں استعمال ہونے والی تیز روشنی کی فلیش لائٹس کے خلاف کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔
سی ٹی او پشاور ڈاکٹر زاہد اللہ کی ہدایت پر شہر کے مختلف علاقوں میں فلیش لائٹس استعمال کرنے والی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔
سی ٹی او ڈاکٹر زاہد اللہ کے مطابق دوران ڈرائیونگ تیز اور چکاچوند روشنی والی فلیش لائٹس سامنے سے آنے والے ڈرائیور کی بینائی متاثر کرتی ہیں، جس سے ٹریفک حادثات کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہریوں کی جانیں محفوظ بنانے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ عوامی آگاہی مہم کے ذریعے بھی شہریوں کو فلیش لائٹس کے مضر اثرات اور دوران ڈرائیونگ احتیاطی تدابیر سے آگاہ کیا جا رہا ہے۔
ٹریفک پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں میں غیر ضروری اور تیز روشنی والی فلیش لائٹس استعمال نہ کریں اور ٹریفک قوانین پر عمل درآمد یقینی بنائیں۔
پولیس کے مطابق کارروائیوں کا دوسرا مرحلہ بھی شروع کیا جائے گا، جس میں فلیش لائٹس فروخت کرنے والے افراد کے خلاف بھی کارروائی ہوگی۔
سی ٹی او کا کہنا ہے کہ محفوظ اور حادثات سے پاک ٹریفک نظام کے قیام کے لیے شہریوں کا تعاون انتہائی اہم ہے۔


