World-renowned Arshad Chaiwala's Pakistani citizenship suspended
پشاورلائیو: لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس جواد حسن نے سوشل میڈیا پر شہرت حاصل کرنے والے ارشد خان المعروف “چائے والا” کی کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ (سی این آئی سی) اور پاسپورٹ کی بندش کو چیلنج کرنے پر وفاقی حکومت اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کر دیے۔
ارشد خان، جو ضلع مردان سے تعلق رکھتے ہیں، 2016 میں اس وقت عالمی شہرت حاصل کر چکے تھے جب اسلام آباد میں چائے بناتے ہوئے ان کی تصویر ایک فوٹوگرافر نے انسٹاگرام پر شیئر کی جو بعد میں وائرل ہو گئی۔
ارشد خان کی جانب سے یہ درخواست بیرسٹر عمر اعجاز گیلانی کے ذریعے آئین کے آرٹیکل 199 کے تحت دائر کی گئی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ نادرا اور ڈائریکٹوریٹ جنرل آف امیگریشن و پاسپورٹس کی جانب سے ان کے شناختی دستاویزات کی بندش غیرقانونی اور غیرآئینی ہے۔
دورانِ سماعت وکیل نے مؤقف اپنایا کہ ارشد خان ایک عام پاکستانی کے خواب کی علامت ہیں جنہوں نے ایک سادہ سی تصویر کے ذریعے عالمی شہرت حاصل کی۔ تاہم نادرا اور دیگر اداروں کے اقدامات نے ان کے کیریئر اور شہرت کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔
وکیل نے مزید کہا کہ نادرا کی جانب سے 1978 سے قبل کی رہائش کے ثبوت کا مطالبہ بدنیتی پر مبنی ہے اور اس کی کوئی قانونی بنیاد نہیں، خاص طور پر جب ارشد خان کے خاندان کی شہریت کا ریکارڈ موجود ہے۔ انہوں نے آئین کے آرٹیکل 4، 9، 14 اور 18 کا حوالہ دیتے ہوئے ارشد خان کے روزگار، عزت نفس اور قانونی سلوک کے حق کی خلاف ورزی کو اجاگر کیا۔
عدالت کو سندھ ہائی کورٹ، اسلام آباد ہائی کورٹ اور لاہور ہائی کورٹ کے سابقہ فیصلوں سے بھی آگاہ کیا گیا جن میں شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کی بندش کو قانونی تقاضے پورے کیے بغیر غیرقانونی قرار دیا گیا تھا۔
دوسری جانب، اسسٹنٹ اٹارنی جنرل اور نادرا کے قانونی افسر نے درخواست کی قابلِ سماعت ہونے پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ درخواست گزار نے پاکستانی شہریت کا مناسب ثبوت فراہم نہیں کیا۔
جسٹس جواد حسن نے نادرا اور امیگریشن حکام کو 17 اپریل کے لیے پیرا وائز کمنٹس کے ساتھ ریکارڈ سمیت طلب کرلیا اور حکم دیا کہ تب تک درخواست گزار کے خلاف کوئی انتقامی کارروائی نہ کی جائے۔
اسی نوعیت کے ایک اور کیس میں بھی جسٹس جواد حسن نے نادرا کو ہدایت دی کہ وہ پیدائش کے ذریعے پاکستانی شہریت کے دعوے پر ایک ماہ کے اندر سماعت کر کے قانونی طریقہ کار کے مطابق فیصلہ جاری کرے، اور تب تک کسی بھی سرکاری ادارے کو درخواست گزار کے خلاف سخت اقدام سے روک دیا۔
یہ فیصلہ جسٹس جواد حسن نے ایک افغان مہاجر والدین کے پاکستانی نژاد بچے کی درخواست پر سنایا، جس نے حکومتِ پاکستان سے جاری کردہ پیدائشی سرٹیفکیٹ کی بنیاد پر شہریت اور شناختی کارڈ کے اجرا کے لیے رجوع کیا تھا۔ عدالت نے درخواست کو قابلِ سماعت قرار دے کر نادرا کو کارروائی کا حکم دیا۔
(منشور: روزنامہ ڈان، 9 اپریل 2025)
پشاور میں گیس بحران شدت اختیار کرگیا، بچے بغیر ناشتے سکول جانے پر مجبور پشاور…
خیبرپختونخوا کے 14شہروں میں الیکٹرک بس سروس کا منصوبہ، پہلے مرحلے میں 6 شہر شامل…
پاکستان تاریخی سنگ میل سے چند روز کی دوری پر، پہلا خلا باز 25 نومبر…
سمندر میں انٹرنیٹ کی اہم سب میرین کیبل میں خرابی، صارفین کو سست رفتار اور…
خیبر پختونخوا میں ڈینگی وائرس کیسز کی تعداد 6 ہزار سے تجاوز کر گئی پشاور(…
پشاور میں مبینہ جعلی میڈیکل کونسل پر ایف آئی اے کا چھاپہ، چیئرمین گرفتار پشاور:…