پشاور میں آزادی سپورٹس فیسٹیول کی پروقار تقریب آج ہوگی
پشاور: ڈائریکٹریٹ جنرل آف سپورٹس خیبرپختونخوا کے زیر اہتمام جشن آزادی سپورٹس فیسٹیول کی پروقار تقریب آج قیوم سپورٹس کمپلیکس پشاور میں منعقد ہوگی۔ فیسٹیول میں مختلف کھیلوں کے مقابلوں کے ساتھ تفریحی و ثقافتی سرگرمیوں، ملی نغموں اور دیگر پروگرامز کا انعقاد کیا جائے گا، جبکہ 13 اگست کی شب جشن آزادی کی مناسبت سے شاندار آتش بازی بھی کی جائے گی۔
ڈائریکٹر جنرل سپورٹس خیبرپختونخوا تاشفین حیدر نے کہا ہے کہ آزادی سپورٹس فیسٹیول کا مقصد نوجوانوں کو صحت مند اور مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا، کھیلوں کو فروغ دینا اور ان میں حب الوطنی کے جذبے کو اجاگر کرنا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ 13 اگست کو فیسٹیول کے سلسلے میں کبڈی میچ منعقد ہوگا، جس کے بعد شام کے وقت کوئز مقابلے، میوزیکل چیئر، ملی نغموں اور دیگر تفریحی و ثقافتی سرگرمیوں کا اہتمام کیا جائے گا۔
تاشفین حیدر کے مطابق پروگرامز میں کھلاڑیوں، نوجوانوں، میڈیا نمائندگان اور کھیلوں سے وابستہ افراد کو بھرپور شرکت کا موقع فراہم کیا جائے گا۔ فیسٹیول کی اختتامی تقریبات میں قومی جذبے اور وطن سے محبت کو اجاگر کرنے کے لیے خصوصی پروگرامز پیش کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ 13 اگست کی رات شاندار آتش بازی کے ذریعے جشن آزادی کی تقریبات کو یادگار بنایا جائے گا۔
ڈائریکٹریٹ جنرل آف سپورٹس خیبرپختونخوا کے مطابق صوبے میں کھیلوں کے فروغ اور نوجوانوں کو مثبت، صحت مند اور تعمیری سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنے کے لیے اس نوعیت کی سرگرمیوں کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔


