پشاور: محکمہ اعلیٰ تعلیم کا جامعات اور کالجز میں اسکالرشپس کے لیے شفاف میکانزم بنانے کی ہدایت
ہائیر ایجوکیشن ریگولیٹری اتھارٹی خیبرپختونخوا میں اصلاحات کے حوالے سے اجلاس
پشاورلائیو، 4 جنوری 2025: صوبائی وزیر برائے اعلیٰ تعلیم، مینا خان آفریدی کی زیرِ صدارت محکمہ اعلیٰ تعلیم کے کمیٹی روم میں ہائیر ایجوکیشن ریگولیٹری اتھارٹی (ہیرہ) خیبرپختونخوا میں اصلاحات سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ہائیر ایجوکیشن ریگولیٹری اتھارٹی کے چیئرمین، سپیشل سیکرٹری محکمہ اعلیٰ تعلیم، اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران صوبائی وزیر کو ہائیر ایجوکیشن ریگولیٹری اتھارٹی کی کارکردگی اور موجودہ نظام پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر اتھارٹی کو مضبوط اور مستحکم بنانے کے لیے مختلف تجاویز بھی پیش کی گئیں۔
صوبائی وزیر مینا خان آفریدی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ ضرورت مند اور قابل طلبہ کو میرٹ اور شفافیت کی بنیاد پر اسکالرشپس فراہم کرنے کے لیے ایک جامع میکانزم اور فارمولا تیار کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ضرورت مند اور قابل طلبہ کو زیادہ سے زیادہ تعلیمی مواقع فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے، تاکہ صوبے کے باصلاحیت نوجوان مستفید ہو سکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ اعلیٰ تعلیم میں بہتری اور اصلاحات کے لیے عملی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ جہاں بھی نظام میں خامیاں موجود ہیں، انہیں دور کیا جائے گا تاکہ محکمہ کو جدید تقاضوں کے مطابق بنایا جا سکے۔
اجلاس کے شرکاء نے صوبائی وزیر کی ہدایات کو سراہتے ہوئے تعلیمی نظام کی بہتری کے لیے اپنی بھرپور کوششیں جاری رکھنے کا عزم کیا۔