A young female student of Peshawar who rides a bike, is a reason to encourage movement for women
العربیا اردو: اس مہینے کی ایک صبح ہما حشمت نے اپنا دوپٹہ درست کیا اور ہونڈا ڈیلکس موٹر بائیک کو کِک لگائی اور پشاور کی ہلچل سے بھرپور سڑکوں پر سفر شروع کر دیا۔ پشاور شمال مغربی پاکستان کا ایک قدامت پسند شہر ہے جہاں خواتین کی نقل و حرکت کافی حد تک محدود ہے۔
اگرچہ خواتین کو ان کے اہلِ خانہ کے ساتھ بس، وین یا نجی گاڑیوں میں سوار ہوتے دیکھنا ایک عام سی بات ہے لیکن پشاور میں ایک خاتون کا موٹر سائیکل چلانا ایک نایاب منظر ہے۔ درحقیقت 20 سالہ حشمت شہر کی واحد خاتون بائیکر ہیں جو 2020 سے روزانہ اکیڈمی ٹاؤن میں واقع اپنے گھر سے پشاور یونیورسٹی جاتی ہیں جہاں وہ آرٹ اور ڈیزائن میں ڈگری پروگرام کی طالبہ ہیں۔
ایک ایسے شہر میں جہاں مذہبی قوتوں کی دھمکیوں کی وجہ سے 2019 میں خواتین کی ایک سائیکل ریلی منسوخ کر دی گئی تھی، حشمت کی جستجو ہے: دوسری خواتین کو متأثر کرنا اور انہیں یہ بتانا کہ زیادہ نقل و حرکت خود مختاری کو فروغ دے سکتی ہے۔
نقل و حمل میں صنفی عدم مساوات کے بارے میں لندن سکول آف اکنامکس کے 2016 کے مطالعے کے مطابق معاشرتی اصول اور حفاظتی خدشات کی بن پر پاکستان کے طول و عرض میں خواتین کی نقل و حرکت محدود ہے۔ یہاں عام سفر اور سفری سرگرمیوں میں 80 فیصد مردانہ غلبے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ افغان سرحد کے ساتھ واقع شمال مغربی صوبہ خیبر پختونخواہ میں حالات اور بھی بدتر ہیں جہاں گہرے قدامت پسند، نسلی پشتون آباد ہیں۔
حشمت نے رواں ماہ کے اوائل میں عرب نیوز کو ایک انٹرویو میں بتایا، “میں لڑکیوں کو بتانا چاہتی ہوں کہ وہ گھر میں بیٹھ کر کچھ نہیں کر سکتیں جب تک وہ اپنے (مقصد کے) لیے کھڑی نہ ہوں۔ جس طرح میں اپنے تمام کاموں کا آزادانہ طور پر خیال رکھتی ہوں تو میں چاہتی ہوں کہ وہ مجھے دیکھیں اور انہیں ترغیب ملے۔ ضروری نہیں کہ یہ موٹر سائیکل چلا کر ہی ہو لیکن وہ ازخود کام کرنے کے لیے مجھ سے یہ بات سیکھیں۔”
حشمت کے تین بھائی ہیں اور ان کے والد ایک چھوٹے سے کاروبار کے مالک ہیں اور انہوں نے حشمت کے آرٹس کی تعلیم حاصل کرنے کے فیصلے کی حمایت کی، انہیں تعلیم یا طب جیسے روایتی شعبوں کی طرف دھکیلنے کے بجائے جو خواتین کے لیے زیادہ موزوں سمجھے جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا، “میرے والد نے مجھے [بائیک چلانے کی] اجازت دی۔ وہ میرا ساتھ دیتے ہیں بالکل میرے بھائیوں کی طرح جو کہتے ہیں، ‘اگر بابا کچھ نہیں کہتے تو ہماری طرف سے بھی آپ کو اجازت ہے’۔”
دوسری لڑکیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے حشمت ٹک ٹاک پر اپنی ویڈیوز اپ لوڈ کرتی ہیں۔
وہ کہتی ہیں، “میں نے کئی خواتین سے سنا ہے کہ پشاور ایک ایسا شہر ہے جہاں وہ آزادانہ گھوم نہیں سکتیں۔۔۔ میں ان کو یہ دکھانے کے لیے ویڈیوز اپ لوڈ کرتی ہوں کہ میں اپنی موٹر سائیکل پر پشاور کے ہر گوشے میں جاتی ہوں اور مجھے کچھ نہیں ہوا اور نہ ہی کسی نے مجھے کچھ کہا ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ پشاور شہر اس حوالے سے محفوظ ہے۔”
عرب نیوز سے بات کرتے ہوئے ان کے والد حشمت علی نے کہا کہ وہ اپنی بیٹی کی پرورش بیٹوں کی طرح کرنا چاہتے تھے۔
انہوں نے کہا، “میں نے اسے اجازت دی ہے کہ یہ جو چاہے کرے۔ میں بس ایک چیز پر زور دیتا ہوں کہ یہ خود کو ڈھانپ کر رکھے کیونکہ یہ ایک ایسا معاشرہ ہے جہاں خواتین کو یہ کرنا پڑتا ہے۔”
پشاور کے محکمہ سماجی بہبود کے ایک سینئر اہلکار نور محمد نے حشمت کو دوسری لڑکیوں اور خواتین کے لیے رول ماڈل قرار دیا۔
انہوں نے کہا، “ہر کوئی سڑک پر آنے کے لیے آزاد ہے خواہ وہ مرد ہو یا عورت۔ در حقیقت ہم خواتین کو بااختیار بناتے ہیں اور ان کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں کہ وہ سڑک پر محفوظ طریقے سے سفر کریں۔”
البتہ انہوں نے تمام ڈرائیوروں کے لیے قواعد و ضوابط پر عمل کرنے اور باہر نکلنے سے پہلے لائسنس حاصل کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔
حشمت کی سہیلیوں نے بھی انہیں “حوصلہ مند” قرار دیا اور ایک ہم جماعت مسکان گل نے کہا، وہ اس قسم کی ایک ہی لڑکی ہے۔
“ہمارے معاشرے میں کئی لوگ [ایسی باتوں کو] قبول نہیں کرتے۔۔۔ ہما کا بائیک چلانے کا فیصلہ واقعی بہادری کا کام ہے۔”
خیبرپختونخوا میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر ڈی میرٹ پوائنٹ سسٹم نافذ کرنے کا…
پشاور کے نوجوان نے ولیمے میں یتیم بچوں، بزرگوں اور خصوصی افراد کو مدعو کرکے…
پشاور سمیت خیبرپختونخوا میں 24 گھنٹے بعد سی این جی اسٹیشنز دوبارہ کھل گئے پشاور:…
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا پشاور میں ٹرائی سیریز کروانے کا اعلان پاکستان…
پشاور میں گیس بحران شدت اختیار کرگیا، بچے بغیر ناشتے سکول جانے پر مجبور پشاور…
خیبرپختونخوا کے 14شہروں میں الیکٹرک بس سروس کا منصوبہ، پہلے مرحلے میں 6 شہر شامل…