طالبات اور ملازمت پیشہ خواتین کو مفت الیکٹرک سکوٹیز دینے کی منظوری

Approval to provide free electric scooters to female students and working women

طالبات اور ملازمت پیشہ خواتین کو مفت الیکٹرک سکوٹیز دینے کی منظوری

پشاور: وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے طالبات اور ملازمت پیشہ خواتین کو مفت الیکٹرک سکوٹیز فراہم کرنے کے منصوبے کی اصولی منظوری دے دی۔

وزیر اعلیٰ نے منصوبے کے فوری آغاز کے لیے متعلقہ حکام کو ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مفت الیکٹرک سکوٹیز کی فراہمی سے خواتین کو تعلیم اور روزگار تک محفوظ، آسان اور باوقار رسائی حاصل ہوگی۔

طالبات اور ملازمت پیشہ خواتین کو مفت الیکٹرک سکوٹیز کی فراہمی سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے منصوبے پر مؤثر عملدرآمد کے لیے اسٹیرنگ کمیٹی، ٹیکنیکل ورکنگ گروپ اور گریونس ریڈریسل کمیٹی کو فوری طور پر نوٹیفائی کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے منصوبے کے لیے مکمل فنڈز کی فراہمی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔

محمد سہیل آفریدی نے کہا کہ ماحول دوست الیکٹرک سکوٹیز منصوبہ فضائی آلودگی میں کمی کے ساتھ خواتین کی معاشی خودمختاری کو بھی فروغ دے گا۔ حکومت خواتین کی ترقی، خوداعتمادی اور انہیں بااختیار بنانے کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے گی۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ منصوبے کے پہلے مرحلے میں پشاور کی طالبات اور ملازمت پیشہ خواتین کو صوبائی حکومت کی جانب سے مفت الیکٹرک سکوٹیز فراہم کی جائیں گی۔ مستحق خواتین کا انتخاب کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی کے ذریعے کیا جائے گا۔

بریفنگ کے مطابق منصوبے کے اگلے مرحلے میں اس کا دائرہ خیبرپختونخوا کے دیگر اضلاع تک بڑھایا جائے گا۔

اجلاس میں معاون خصوصی برائے ٹرانسپورٹ سمیع اللہ، وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری عامر سلطان ترین، سیکرٹری ٹرانسپورٹ محمد زبیر اور محکمہ ٹرانسپورٹ کے دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔


Tags:
Categories:
Latest News

Leave a Reply

Peshawar Live - پشاور