پشاور: بورڈ بازار میں بارودی مواد کی منتقلی کے دوران دھماکا، 2 افراد جاں بحق

بارودی مواد ایک جگہ سے دوسری جگہ لے جایا جا رہا تھا، بارودی مواد کو لے جاتے ہوئے راستے میں ہی دھماکہ ہوا۔ ایس ایس پی آپریشنز کاشف آفتاب عباسی کی میڈیا سے گفتگو

پشاور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 مارچ 2024ء ) پولیس نے پشاور دھماکے میں 4 سے 5 کلو بارود استعمال ہونے کی تصدیق کردی۔ تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی آپریشنز کاشف آفتاب عباسی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ بم ڈسپوزل اسکواڈ نے اپنی رپورٹ میں بتایا 4 سے 5 کلو بارود دھماکے میں استعمال ہوا، اس دھماکے میں 2 افراد جاں بحق اور ایک زخمی شخص ہے، تاہم یہ دھماکہ خودکش تھا یا نہیں اس بارے میں ابھی کچھ نہیں کہا جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ تینوں ملزمان ایک موٹر سائیکل پر سوار تھے، بارودی مواد ایک جگہ سے دوسری جگہ لے جایا جا رہا تھا، بارودی مواد کو لے جاتے ہوئے راستے میں ہی دھماکہ ہوا، اس کے ذریعے حملہ آور ٹارگٹ کس کو کر رہے تھا اب کچھ نہیں کہہ سکتے، اس حوالے سے پولیس مزید تفتیش کرہی ہے۔

خیال رہے کہ پشاور کے علاقے بورڈ بازار ناصر باغ روڈ پر موٹر سائیکل میں مبینہ دھماکے میں 2 افراد جاں بحق جب کہ 1 زخمی ہوگیا، ریسکیو 1122 پشاور کا کہنا ہے کہ بورڈ بازار ناصر باغ روڈ پر موٹر سائیکل میں مبینہ دھماکہ ہوا، اس دھماکے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ایمبولینسز موقع پر پہنچ گئیں جب کہ ابتدائی اور غیر مصدقہ اطلاعات سے پتا چلا کہ دھماکہ موٹر سائیکل میں ہوا جس میں 2 افراد جاں بحق جب کہ 1 زخمی ہو گیا، ریسکیو 1122 نے تمام افراد کو خیبر ٹیچنگ ہسپتال منتقل کردیا۔


Tags:
· · · · · · · · · · · · · · · · · · · · ·
Categories:
Latest News

Leave a Reply

Peshawar Live - پشاور