پشاور: حیات آباد نرسنگ کالج میں طلبہ احتجاج، پولیس افسران عہدوں سے ہٹا دیے گئے
پشاور: حیات آباد پوسٹ گریجویٹ کالج آف نرسنگ میں طلبہ کے احتجاج کے دوران ہنگامہ آرائی اور پولیس کی جانب سے مبینہ تشدد کے واقعے کا سی سی پی او پشاور میاں سعید نے نوٹس لے لیا۔
دنیا نیوز، پولیس اعلامیے کے مطابق سی سی پی او نے واقعے پر کارروائی کرتے ہوئے متعلقہ ڈی ایس پی اور ایس ایچ او کو عہدوں سے ہٹا دیا، جبکہ معاملے کی تحقیقات کے لیے ایس ایس پی انویسٹی گیشن کو انکوائری افسر مقرر کردیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق طلبہ پر پولیس کی جانب سے مبینہ تشدد کے الزامات کی باقاعدہ انکوائری کی جائے گی اور واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا۔
پولیس کے مطابق گزشتہ روز طلبہ نے احتجاج کے دوران کالج کا گیٹ بند کردیا تھا، جبکہ پرنسپل آفس میں موجود عملے کو مبینہ طور پر یرغمال بنا کر ہراساں بھی کیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ کالج انتظامیہ کی درخواست پر کارروائی کی گئی تھی، تاہم کارروائی کے دوران طلبہ پر مبینہ تشدد کے الزامات سامنے آئے، جس پر سی سی پی او نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے انکوائری کا حکم دیا۔


