پشاور میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ عروج پر، شہریوں نے گرڈ سٹیشن گھیراؤ کی دھمکی دیدی
ویب ڈیسک: پشاور میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ عروج پر پہنچ گئی، جس سے تنگ آئے شہریوں نے گرڈ سٹیشن گھیراؤ کی دھمکی دیدی۔
فقیر آباد سب ڈویژن کے مختلف علاقوں میں مبینہ غیر اعلانیہ اور فورسڈ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث شہریوں کو شدید گرمی اور حبس میں مشکلات کا سامنا ہے۔
علاقہ مکینوں کے مطابق دلہ زاک روڈ، حامد کالونی، کارپوریشن کالونی، فیصل کالونی اور ملحقہ علاقوں میں کئی گھنٹوں سے بجلی کی فراہمی معطل ہے۔
خواتین، بچے اور بزرگ شدید متاثر
شہریوں کا کہنا ہے کہ طویل بجلی بندش کے باعث گھروں میں خواتین، بچوں اور بزرگوں کا گرمی اور حبس سے برا حال ہے۔
علاقہ مکینوں کے مطابق شہری علاقوں میں روزانہ 8 سے 10 گھنٹے جبکہ نواحی علاقوں میں 16 سے 18 گھنٹے تک لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے، جس سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔
سو فیصد ریکوری کے باوجود لوڈ شیڈنگ؟
فقیر آباد سب ڈویژن کے شہریوں کا کہنا ہے کہ پشاور میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ بل بروقت ادا کرنے کے باوجود جاری ہے، جبکہ ریکوری 100 فیصد ہے، تو فورسڈ لوڈ شیڈنگ سمجھ سے بالاتر ہے۔
شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ بجلی کی غیر اعلانیہ اور فورسڈ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ فوری طور پر بند کیا جائے اور علاقے میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے۔
مطالبات نہ مانے گئے تو احتجاج کی دھمکی
علاقہ مکینوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا مسئلہ حل نہ کیا گیا تو احتجاجی مظاہرے اور سڑکیں بند کرنے کا راستہ اختیار کیا جائے گا۔
شہریوں نے مزید کہا کہ مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو گرڈ سٹیشن کا گھیراؤ بھی کیا جائے گا، جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ محکمہ کے افسران پر عائد ہوگی۔


