خیبرپختونخوا میں ڈیجیٹل ڈرائیونگ لائسنس متعارف، موبائل فون پر لائسنس کی سہولت
پشاور: خیبرپختونخوا پولیس نے صوبے بھر میں ڈیجیٹل ڈرائیونگ لائسنس متعارف کرا دیا، جس کے بعد شہریوں کو ڈرائیونگ لائسنس ساتھ رکھنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔
پشاور ٹریفک پولیس کے مطابق شہری موبائل فون پر متعلقہ ایپ کے ذریعے اپنا ای لائسنس حاصل کرسکیں گے۔ شناختی کارڈ نمبر درج کرنے کے بعد ڈیجیٹل لائسنس چند منٹ میں موبائل اسکرین پر ظاہر ہوجائے گا۔
حکام کے مطابق پشاور کے تمام ٹریفک اہلکاروں کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں کہ موبائل فون پر موجود ڈیجیٹل ڈرائیونگ لائسنس کو قانونی دستاویز تصور کیا جائے اور صرف لائسنس کی پرنٹ کاپی موجود نہ ہونے پر شہری کو جرمانہ نہ کیا جائے۔
سی ٹی او پشاور ڈاکٹر محمد زاہد کے مطابق ڈیجیٹل ڈرائیونگ لائسنس ٹریفک پولیس کے نظام میں ٹیکنالوجی کے استعمال کی جانب اہم قدم ہے۔
ڈیجیٹل لائسنس کی سہولت سے شہریوں کو جیب، بٹوے یا گاڑی میں ڈرائیونگ لائسنس رکھنے کی اضافی پریشانی سے نجات ملے گی اور لائسنس کی تصدیق بھی موبائل فون کے ذریعے آسانی سے کی جاسکے گی۔


