ٹیلی نار پاکستان نے واٹس ایپ کے ذریعے سم خریدنے اور بنڈل سبسکرپشن کی سہولت متعارف کرادی
ڈیجیٹل تبدیلی کے سفر میں نیا سنگِ میل، صارفین اب گھر بیٹھے سم حاصل کر سکیں گے
اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) — ٹیلی نار پاکستان نے اپنی ڈیجیٹل تبدیلی کے سفر میں ایک اور بڑا قدم اٹھاتے ہوئے واٹس ایپ کے ذریعے سم خریدنے، متبادل سم حاصل کرنے اور بنڈلز سبسکرائب کرنے کی نئی اور جدید سہولت متعارف کرا دی ہے، جو موبائل کنیکٹیوٹی کے تجربے کو ایک نئی جہت فراہم کرے گی۔
یہ سہولت صارفین کی آسانی، تحفظ، اور جدید رابطے کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کی گئی ہے، جس کے ذریعے اب صارفین کو سم حاصل کرنے کے لیے کسی ریٹیل اسٹور یا فرنچائز جانے کی ضرورت نہیں۔ صارفین واٹس ایپ کے ذریعے ہی نئی سم خرید سکتے ہیں، گم شدہ سم کا متبادل حاصل کرسکتے ہیں اور اپنے پسندیدہ پیکجز یا بنڈلز کو بآسانی سبسکرائب کرسکتے ہیں۔
ٹیلی نار پاکستان کی جانب سے فراہم کردہ ڈیجیٹل واٹس ایپ نمبر 051-111-345-100 پر بات چیت شروع کرنے کے بعد صارفین اپنا شہر، مطلوبہ نمبر اور بنڈل منتخب کریں گے، ذاتی معلومات اور ادائیگی جمع کرائیں گے، جس کے بعد سم براہِ راست اُن کے گھر پہنچا دی جائے گی۔
ڈیلیوری کے وقت بائیومیٹرک تصدیق کی جائے گی تاکہ سم کی فراہمی مکمل طور پر محفوظ اور ضابطوں کے مطابق ہو۔
ٹیلی نار کے چیف کنزیومر بزنس آفیسر وقاص امان اللہ نے کہا کہ:
“ہمیں فخر ہے کہ ہم پاکستان میں ڈیجیٹل جدت کے صفِ اول میں ہیں۔ واٹس ایپ کے ذریعے سم خریداری اور بنڈل مینجمنٹ کی سہولت صارفین کو وہ آسانی فراہم کرتی ہے جو پہلے کبھی ممکن نہ تھی۔ یہ اقدام ہمارے اس وژن کی عکاسی کرتا ہے جس کے تحت ہم پاکستان بھر میں ڈیجیٹل شمولیت کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔”
یہ سہولت اس وقت 20 سے زائد شہروں میں دستیاب ہے جن میں لاہور، کراچی، اسلام آباد/راولپنڈی، پشاور، ملتان اور فیصل آباد شامل ہیں، جبکہ بنڈل ری چارج سروس پورے ملک میں دستیاب ہے۔
یہ سہولت شہری اور نیم شہری صارفین کے لیے یکساں طور پر موزوں ہے، جو رابطے کو آسان، محفوظ اور قابلِ اعتماد بناتی ہے۔
ٹیلی نار پاکستان کا یہ نیا اقدام کمپنی کے اُس عزم کی توسیع ہے جس کے تحت وہ ٹیکنالوجی کے ذریعے زندگیوں کو آسان بنانے، ڈیجیٹل رسائی کو عام کرنے اور ملک بھر میں جدید صارف تجربات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔


