انٹرمدارس سپورٹس فیسٹیول 2026: جامعہ السعید دیر کالونی کرکٹ چیمپئن قرار
پشاور: محکمہ کھیل و امور نوجوانان خیبرپختونخوا کے زیر اہتمام طہماس سٹیڈیم میں انٹرمدارس سپورٹس فیسٹیول 2026 کا انعقاد کیا گیا، جس میں پشاور ریجن کے مختلف مدارس سے تعلق رکھنے والے 120 طلبہ نے کرکٹ اور فٹبال مقابلوں میں بھرپور شرکت کی۔
تقریب کے مہمان خصوصی ڈائریکٹر جنرل سپورٹس خیبرپختونخوا تاشفین حیدر تھے، جبکہ پراجیکٹ ڈائریکٹر ارباب فیض، ڈپٹی ڈائریکٹر چنگیز خان، ڈائریکٹر اسٹیبلشمنٹ نعمت اللہ مروت، ڈائریکٹر آپریشن جمشید بلوچ اور ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشن کاشف فرحان بھی اس موقع پر موجود تھے۔
کرکٹ کے سنسنی خیز فائنل میں جامعہ السعید دیر کالونی پشاور نے جامعہ شاہ ولی اللہ آسیہ گیٹ کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر چیمپئن شپ اپنے نام کر لی۔ جامعہ شاہ ولی اللہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 105 رنز اسکور کیے، جس کے جواب میں جامعہ السعید نے مطلوبہ ہدف دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
جامعہ السعید کے قاری سعید نے 62 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر مین آف دی میچ کا اعزاز حاصل کیا۔
اختتامی تقریب میں کامیاب ٹیموں اور نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں اور انعامات تقسیم کیے گئے۔
اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل سپورٹس تاشفین حیدر نے کہا کہ مدارس کے طلبہ کو کھیلوں کی سرگرمیوں میں شامل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ نوجوان نسل کو مثبت، تعمیری اور صحت مند سرگرمیوں کی جانب راغب کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ سپورٹس کے نعرے “کھیل ہر ایک کا حق” کے تحت معاشرے کے تمام طبقات کو یکساں کھیلوں کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔


