خیبرپختونخوا مینارٹی سپورٹس فیسٹیول کا آغاز، اقلیتی کھلاڑیوں کیلئے کھیلوں کے مواقع خوش آئند قرار

Khyber Pakhtunkhwa Minority Sports Festival begins, sports opportunities for minority athletes welcomed

خیبرپختونخوا مینارٹی سپورٹس فیسٹیول کا آغاز، اقلیتی کھلاڑیوں کیلئے کھیلوں کے مواقع خوش آئند قرار

پشاور: ڈائریکٹریٹ جنرل آف سپورٹس خیبرپختونخوا کے زیر اہتمام خیبرپختونخوا مینارٹی سپورٹس فیسٹیول کا آغاز طہماس خان فٹبال سٹیڈیم پشاور میں ہو گیا، جس میں صوبے بھر سے تعلق رکھنے والے اقلیتی برادری کے کھلاڑی کرکٹ، فٹبال، والی بال، رسہ کشی اور دیگر کھیلوں کے مقابلوں میں حصہ لے رہے ہیں۔

فیسٹیول کا افتتاح سابق رکن صوبائی اسمبلی اور انصاف مینارٹی ونگ کے صدر وزیر زادہ اور سابق ایم پی اے و سیکرٹری انصاف مینارٹی ونگ راوی کمار نے کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر آپریشن جمشید بلوچ، ڈپٹی ڈائریکٹر سپورٹس کاشف فرحان، سینئر نائب صدر وقاص کھوکھر، عدنان جوزف اور دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر زادہ نے کہا کہ صوبائی حکومت اقلیتی برادری کے کھلاڑیوں کو کھیلوں کے یکساں مواقع فراہم کرنے کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے اور مینارٹی سپورٹس فیسٹیول اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے۔

انہوں نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا، مشیر کھیل تاج محمد خان ترند اور متعلقہ حکام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کے ایونٹس سے نوجوان ٹیلنٹ کو سامنے آنے کا موقع ملتا ہے، جبکہ بین المذاہب ہم آہنگی، بھائی چارے اور سماجی یکجہتی کو بھی فروغ حاصل ہوتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کھیل نوجوان نسل کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کا مؤثر ذریعہ ہیں اور حکومت تمام طبقات کو مساوی بنیادوں پر کھیلوں کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے۔


Tags:
·
Categories:
Sports

Leave a Reply

Peshawar Live - پشاور