Khyber Pakhtunkhwa government decides to launch another Peshawar BRT-style bus project in the province
پشاور: خیبر پختونخوا حکومت نے پشاور بی آر ٹی کی طرز پر ڈویژنل سطح پر اربوں روپے کی لاگت سے نیا بس منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس حوالے سے صوبائی حکومت نے رپیڈ بس ٹرانسپورٹ سروس کے لیے نیشنل ریڈیو اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن (این آر ٹی سی) کے ذیلی ادارے انرجی اینڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (این ای ٹی سی) کے ساتھ معاہدے کو حتمی شکل دے دی ہے۔
منصوبے کے تحت بسیں فراہم کرنا اور ان کے لیے ضروری تعمیرات متعلقہ کمپنی کی ذمہ داری ہوگی، جبکہ حکومت دس سال تک ہر بس کا سالانہ کرایہ ادا کرے گی۔ ایک بس کی سالانہ مائیلیج 70 ہزار کلومیٹر مقرر کی گئی ہے اور فی کلومیٹر کرایہ 394 روپے ہوگا، جس کے تحت ایک بس کا سالانہ کرایہ 2 کروڑ 75 لاکھ 80 ہزار روپے اور دس سال کا مجموعی کرایہ 27 کروڑ 58 لاکھ روپے ہوگا۔
وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے ٹرانسپورٹ رنگیز احمد نے اس منصوبے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ کمپنی کو فزیبلٹی رپورٹ تیار کرنے کی ہدایت دی گئی ہے، جس کے بعد ہی بسیں چلائی جائیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ 7 کروڑ روپے فزیبلٹی رپورٹ کے لیے دستیاب ہیں اور حکومت کرایہ کم کرنے کی کوشش کرے گی۔
دوسری جانب خیبر پختونخوا کابینہ نے وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کی زیر صدارت اجلاس میں اہم فیصلوں کی منظوری دے دی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ رمضان اور عید کے موقع پر 10 لاکھ غریب خاندانوں کو خصوصی فنڈز فراہم کیے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ نے ہدایت دی کہ غرباء، یتیموں، ٹرانسجینڈرز اور دہشت گردی سے متاثرہ خاندانوں کو بھی اس پیکج میں شامل کیا جائے، جبکہ 15 رمضان سے پہلے مستحق افراد کو مالی امداد فراہم کی جائے گی۔ اس کے علاوہ، رمضان سے قبل سرکاری ملازمین کو تنخواہیں اور پنشن 25 فروری کو ادا کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اجلاس میں حکومت کے سرپلس بجٹ، ہیموفیلیا مریضوں کے لیے 1212.9 ملین روپے کی منظوری، قرض اتارنے کے لیے ڈیٹ مینجمنٹ فنڈ میں 30 ارب روپے جمع کرنے اور کیڈٹ کالج ممد گٹ (مہمند) کے لیے 80 ملین روپے کی گرانٹ جاری کرنے کے فیصلے کیے گئے۔
وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے رمضان المبارک میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے عوامی نمائندوں اور مقامی انتظامیہ کو متحرک رہنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کے رمضان پیکج کے تحت ہر حلقے میں 5 ہزار مستحق گھرانوں کو 10 ہزار روپے دیے جائیں گے اور پیکج کی تقسیم صاف و شفاف طریقے سے ہوگی۔
خیبرپختونخوا کے 14شہروں میں الیکٹرک بس سروس کا منصوبہ، پہلے مرحلے میں 6 شہر شامل…
پاکستان تاریخی سنگ میل سے چند روز کی دوری پر، پہلا خلا باز 25 نومبر…
سمندر میں انٹرنیٹ کی اہم سب میرین کیبل میں خرابی، صارفین کو سست رفتار اور…
خیبر پختونخوا میں ڈینگی وائرس کیسز کی تعداد 6 ہزار سے تجاوز کر گئی پشاور(…
پشاور میں مبینہ جعلی میڈیکل کونسل پر ایف آئی اے کا چھاپہ، چیئرمین گرفتار پشاور:…
پشاور میں خواتین کی شکایات پر فوری کارروائی، موقع پر ریلیف اور 4.2 ارب روپے…