پشاور میں پاکستانی شناختی کارڈ کے حصول میں مبینہ فراڈ، 4 افغان باشندے گرفتار

Alleged fraud in obtaining Pakistani ID cards in Peshawar; 4 Afghan nationals arrested

پشاور میں پاکستانی شناختی کارڈ کے حصول میں مبینہ فراڈ، 4 افغان باشندے گرفتار

پشاور: ایف آئی اے پشاور زون نے پاکستانی قومی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ غیر قانونی طریقے سے حاصل کرنے کے مبینہ فراڈ میں ملوث ہونے کے الزام میں چار افغان باشندوں کو گرفتار کرلیا۔

ایف آئی اے کے مطابق ادارے کو اطلاع موصول ہوئی تھی کہ بعض افغان باشندے ایجنٹوں کے ذریعے پاکستانی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ حاصل کرنے کے لیے شاہین ٹاؤن پشاور کے اسپن غر ہاسٹل میں مقیم ہیں۔

اطلاع پر ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل پشاور کی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے ہاسٹل پر چھاپہ مارا اور چار افغان باشندوں کو گرفتار کرلیا۔

گرفتار ملزمان کی شناخت صدیق اللہ، رحمت اللہ، عبداللہ اور ناصر کے ناموں سے ہوئی ہے۔ ایف آئی اے کے مطابق ملزمان کے قبضے سے ان کی تصاویر والے پاکستانی قومی شناختی کارڈز کی نقول بھی برآمد کی گئیں۔

ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان نے مبینہ طور پر انکشاف کیا کہ انہوں نے طلعت عرف پیر نامی ایجنٹ کی مدد سے پاکستانی شناختی کارڈ حاصل کیے تھے۔ حکام کے مطابق ملزمان پاکستانی ویزا بھی پیش نہیں کرسکے۔

ایف آئی اے نے گرفتار ملزمان کے خلاف اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل پشاور میں مقدمہ نمبر 208/2026 درج کرلیا ہے۔ مقدمے میں تعزیرات پاکستان کی دفعات 419، 420، 468، 471 اور 109 سمیت فارنرز ایکٹ 1946 کی دفعہ 14 شامل کی گئی ہے۔

ایف آئی اے کے مطابق واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔


Tags:
Categories:
Latest News

Leave a Reply

Peshawar Live - پشاور