Fear of early dengue season
کسوٹی ڈیجیٹل : خیبر پختونخوا میں بارشوں اور سیلاب کے باعث مچھر وں کی افزائش نسل میں اضافے کے سبب ڈینگی کی مہلک بیماری قبل از وقت پھیلنے کا خدشہ پید اہو گیا ہے ۔ اس حوالے سے صوبائی حکومت نے اپنی تیاریوں کا سلسلہ شروع کر دیا ہے اور محکمہ صحت و دیگر متعلقہ محکموں کو تیار رہنے کے احکامات جاری کردیئے ہیں ۔ یاد رہے کہ گذشتہ روز محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے حالیہ بارشوں اور سیلاب کے بعد صوبے میں ڈینگی پھیلنے کا خدشہ ظاہر کیا ہے ۔جس کے مطابق خیبرپختونخوا میں حالیہ بارشوں اور سیلاب سے ڈینگی پھیلنے کے خدشے کے پیش نظر صوبائی محکمہ صحت نے ڈینگی کی روک تھام کیلئے ایکشن پلان تیار کرکے منظوری کیلئے چیف سیکرٹری کو ارسال کردیا ہے جبکہ ڈائریکٹوریٹ جنرل ہیلتھ سروسز میں ڈینگی کنٹرول روم قائم کرنے کی بھی ہدایت کردی گئی ہے۔حکومت کی جانب سے جاری کر دہ ایکشن پلان کے مطابق ڈینگی کے لاروا کو بروقت تلف کرنے پر توجہ دی جائے گی اور ڈینگی مریضوں کیلئے سرکاری اسپتالوں میں 1 ہزار 240 بستر مختص کیے جائیں گے۔ایکشن پلان کے تحت پشاور کے سرکاری ہسپتالوں میں ڈینگی کے مریضوں کیلئے 300 بیڈز مختص کیے جائیں گے جبکہ ایم ٹی آئی اسپتال بھی ڈینگی کے مریضوں کیلئے الگ وارڈ مختص کیے جائیں گے۔اس حوالے سے میڈیا کو بتایاگیا ہے کہ ڈائریکٹوریٹ جنرل ہیلتھ سروسز میں ڈینگی کنٹرول روم بھی قائم کیا جائے گا جبکہ ڈینگی کی روک تھام کیلئے محکمہ بلدیات اور پی ڈی ایم اے کی خدمات بھی حاصل کی جائیں گی۔ حکومت نے جس انداز سے طوفانی بارشوں کا نوٹس لیا ہے وہ قابل تعریف ہے تاہم اس کے ساتھ ساتھ سرکاری اداروں کو یہ بھی ذہن نشین رکھنا ہو گا کہ حکومت کے یہ اقدامات صرف شہری علاقوں اور بڑے ٹائونز وپوش علاقوں تک محدود نہیں رہنے چاہئیں بلکہ انسداد ڈینگی مہم کا دائر ہ دیہات اور پہلے سے ہر حساس علاقے تک وسیع ہو نا چاہیے ۔ یاد رہے کہ ماضی میں بھی ضلعی انتظامیہ کی کوتاہیوں کے باعث پشاور جیسے بڑے شہر کے کئی علاقے بھی مچھر مار سپرے سے محروم رہے تھے ۔ علاوہ ازیں سرکار ی اہلکار جس انداز کیساتھ سپرے کر تے ہیں اس کی وجہ سے بھی انسداد مچھر مہم کامیاب نہیں ہو پاتی ہے ۔ شہریوں کے کی جانب سے اس حوالے بار بار شکایات موصول ہو چکی ہیں کہ ان کے علاقوں میں کیا جانے والا سپرے موثر ثابت نہیں ہوتا ۔ اس لئے ضرورت اس امر کی ہے کہ اس بار جب حساس و غیر حساس علاقوں میں مچھر مار سپرے کیا جائے تو اس میں استعمال کی جانے والی دوا طاقتوار ہو نی چاہیے اوردوسری اہم بات یہ ہے کہ اس کی کوریج مکمل ہو نی چاہیے ۔سپرے کرتے وقت اس بات کا خیال رکھا جائے کسی بھی یونین کونسل کے تمام علاقوں میں ایسا جیسا کام کیا جائے یہ نہ ہو کہ ایک علاقہ چھوڑ کر دوسرے میں سپرے کرکے گلو خلاصی کی جائے ۔ اس مقصد کیلئے ہر ضلع کے کمشنر کی نگرانی میں خصو صی مانیٹرنگ ٹیمیں بھی تشکیل دینے کی ضرورت ہے تاکہ وہ اپنے بھائی بندوں کی جانب سے کئے جانے والے کام کی جانچ پڑتال کرسکیں ۔ اسی طرح ڈینگی سیزن میں مارکیٹ میں دو نمبر مچھر مار سپرے بھی وافر مقدار پہنچا دیئے جاتے ہیں جن کی مانیڑنگ انتہائی ضرور ی ہے کیونکہ جو علاقے سرکاری سپرے سے محروم رہ جاتے ہیں اکثر ان علاقوں کے شہر ی اپنی مدد آپ کی تحت بازاروں سے یہ مچھر مار سپر ے خرید کر انہیں استعمال میں لاتے ہیں جو دو نمبرثابت ہو تے ہیں ۔ یاد رہے کہ کچھ نام نہاد کمپنی مالکان انتہائی بے شرمی سے اپنی ان دو نمبر ادویات کی نامی اخبارات میں اشتہار بازی سے بھی گریز نہیں کر تے ۔ اس لئے ضروری ہے کہ ایسی کمپنیوں کی ادویات کو مستقل طور پر بین کیا جائے اور سرکاری ماہرین کی جانب سے تجویز کر دہ برانڈز سے متعلق آگاہی مہم چلائی جائے تاکہ شہریوں کو اپنی مدد آپ کرنے میں مشکلات نہ پیش آسکیں ۔ امید ہے کہ صوبائی وزیر صحت و بلدیات اور حکومتی حکام ان تجویز کو بروئے کار لاتے ہوئے اس حوالے سے عوام کی رہنمائی کریں گے اور راہ میں روٹے اٹکانے والے سرکاری اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے ۔ اسطرح دو نمبر کرم کش و مچھر مار ادویات فروخت کرنے والی کمپنیوں کا قلع قمع بھی کیا جائے ۔ اگر صوبائی حکومت اس بار موثر انداز میں انسداد ڈینگی مہم چلانے میں کامیاب ہو جاتی ہے تو کوئی وجہ نہیں کہ امسال ہم اس فیز سے بحفاظت نکل نہ سکیں
خیبرپختونخوا کے 14شہروں میں الیکٹرک بس سروس کا منصوبہ، پہلے مرحلے میں 6 شہر شامل…
پاکستان تاریخی سنگ میل سے چند روز کی دوری پر، پہلا خلا باز 25 نومبر…
سمندر میں انٹرنیٹ کی اہم سب میرین کیبل میں خرابی، صارفین کو سست رفتار اور…
خیبر پختونخوا میں ڈینگی وائرس کیسز کی تعداد 6 ہزار سے تجاوز کر گئی پشاور(…
پشاور میں مبینہ جعلی میڈیکل کونسل پر ایف آئی اے کا چھاپہ، چیئرمین گرفتار پشاور:…
پشاور میں خواتین کی شکایات پر فوری کارروائی، موقع پر ریلیف اور 4.2 ارب روپے…