عالمی ادارۂ صحت نے جنوبی افریقہ میں سامنے آنے والی کورونا وائرس کی نئی قسم ’’اومِکرَون‘‘ کے بارے میں خبردار کیا ہے کہ یہ وائرس کورونا کی دیگر اقسام کی نسبت زیادہ تیزی سے پھیلنے کی صلاحیت رکھتاہے۔ڈبلیو ایچ او کا کہنا ہے کہ حالیہ ہفتوں کے دوران جنوبی افریقہ میں وائرس کی مذکورہ قسم کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔
کورونا وائرس کی یہ نئی قسم جنوبی افریقا کے ایک صوبے میں دریافت ہوئی ہے جس کے حوالے سے ماہرین کا کہنا ہے کہ انھوں نے کورونا کی اتنی خطرناک قسم پہلے نہیں دیکھی۔ماہرین کے مطابق وائرس کی نئی قسم میں اس قدر تبدیلیاں رونما ہوچکی ہیں کہ کورونا کی اب تک بنائی جانے والی ویکسینز کی تاثیر 40 فیصد تک کم ہوسکتی ہے۔ماہرین کو اندیشہ ہے کہ ویکسین شدہ افراد بھی کورونا کی اس نئی قسم سے متاثر ہو سکتے ہیں۔
جنوبی افریقہ کے محکمہ صحت کے مطابق اس وائرس کا پہلا کیس 22 نومبر کو ملک کے گنجان آباد صوبے ’’کوازولو نتل‘‘ میں سامنے آیا اور اب تک کے اعداد و شمار کے مطابق اس قسم کے کیسز جنوبی افریقا کے علاوہ بوٹسوانا، ہانگ کانگ ، بیلجیم اور اسرائیل میں بھی سامنے آچکے ہیں جبکہ ممکن ہے کہ یہ دنیا کے اور ممالک میں بھی ہو اور اسے اب تک پہچانا نہ جاسکا ہو۔ جنوبی افریقن ماہرین کے مطابق’’ اومِکرَون‘‘ میں کورونا کی دیگر اقسام کے مقابلے میں 50 سے زائد تبدیلیاں رونما ہو چکی ہیں جن میں سے 30 تبدیلیاں اس کی سپائیک پروٹین میں ہیں جبکہ بھارت اور دنیا کے دیگر ممالک میں تباہی مچانے والے ڈیلٹا وائرس میں اوریجنل کورونا وائرس کے مقابلے میں صرف 2 تبدیلیاں تھیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے اس نئی قسم کی علامات تو کافی حد تک وہی ہیں جو اس سے قبل دیکھنے میں آئی ہیں، تاہم اس کی علامات دیگر اقسام کے مقابلے میں زیادہ شدید بھی ہوسکتی ہیں۔ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ نئے ویرینٹ کےسبب دسمبر کے وسط تک دنیا میں کورونا کی چوتھی اور اب تک کی سب سے خطرناک لہر سامنے آسکتی ہے۔
دوسری طرف برطانیہ، جرمنی، امریکہ، اسرائیل، جاپان اور سعودی عرب نے افریقی ممالک سے آنے والی پروازوں پر پابندی عائد کر دی ہے جبکہ جنوبی افریقا نے ان پابندیوں پر ناراضی کا اظہا کیا ہے۔ کورونا کے نئے ویرینٹ کی خبر نے عالمی سطح پر سرمایہ کاروں کو بھی خوفزدہ کردیا ہے اور عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں اپریل 2020 کے بعد کم ترین سطح پر آگئی ہیں۔اس کے علاوہ دنیا بھر کی سٹاک مارکیٹوں پر بھی اس کا اثر پڑا ہے۔
یاد رہے کہ 2019 میں چین میں پہلی بار سامنے آنے کے بعد سے کورونا وائرس کے اب تک 5 ویرینٹ منظر عام پر آچکے ہیں۔ پہلے ویرینٹ کو الفا کا نام دیا گیا تھا جو برطانیہ میں پھیلا اور اسے یوکے ویرینٹ بھی کہا جاتا ہے۔ اس کے بعد بیٹا ویرینٹ سامنے آیا۔ یہ ویرنٹ جنوبی افریقا میں سامنے آیا اور پھر دنیا کے دیگر ممالک میں پھیلا۔پھر گاما ویرینٹ سامنے آیا جو برازیل میں پھیلا جس کے بعد ڈیلٹا ویرینٹ نے بھارت میں بڑے پیمانے پر تباہی پھیلائی۔اب اس کا پانچواں ویرینٹ سامنے آگیا ہے جسے ’’اومِکرَون‘‘ کا نام دیا گیا ہے۔
خیبرپختونخوا میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر ڈی میرٹ پوائنٹ سسٹم نافذ کرنے کا…
پشاور کے نوجوان نے ولیمے میں یتیم بچوں، بزرگوں اور خصوصی افراد کو مدعو کرکے…
پشاور سمیت خیبرپختونخوا میں 24 گھنٹے بعد سی این جی اسٹیشنز دوبارہ کھل گئے پشاور:…
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا پشاور میں ٹرائی سیریز کروانے کا اعلان پاکستان…
پشاور میں گیس بحران شدت اختیار کرگیا، بچے بغیر ناشتے سکول جانے پر مجبور پشاور…
خیبرپختونخوا کے 14شہروں میں الیکٹرک بس سروس کا منصوبہ، پہلے مرحلے میں 6 شہر شامل…