Grand inauguration of "Dera Jat" festival in Dera Ismail Khan
پشاورلائیو (5 اپریل 2025) محمد سعد: ڈیرہ اسماعیل خان کے رتہ کلاچی سٹیڈیم میں “ڈیرہ جات” فیسٹیول کا شاندار افتتاح کر دیا گیا۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک، قومی ترانے اور رنگارنگ افتتاحی تقریب سے ہوا، جس میں علاقائی ثقافت، کھیل، موسیقی اور تفریحی سرگرمیوں کی بھرپور جھلک دیکھنے کو ملی۔
افتتاحی تقریب میں ثقافتی کھیل، روایتی موسیقی، پریڈ، کیٹل شو، نیزہ بازی، مویشیوں کی نمائش، آتش بازی، گھڑ سواری، مارچ پاسٹ اور سرکاری محکموں کی جانب سے لگائے گئے معلوماتی و آگاہی اسٹالز شامل تھے۔
فیسٹیول میں خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی اور محکمہ آثار قدیمہ کے زیر اہتمام ٹورازم انفارمیشن ڈیسک بھی قائم کیا گیا، جہاں سیاحتی و تاریخی مقامات سے متعلق مواد پیش کیا گیا۔
تقریب میں شرکت کرنے والے شائقین کی بڑی تعداد نے ایونٹ میں گہری دلچسپی کا مظاہرہ کیا، اور سٹیڈیم میں جوق در جوق آمد کا سلسلہ جاری رہا۔
تقریب کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر کھیل سید فخر جہاں، ممبر قومی اسمبلی فیصل امین گنڈا پور، ایم این اے داور کنڈی، ایم پی اے ٹانک عثمان بھٹنی، سٹی میئر عمر امین گنڈا پور، سیکرٹری کھیل ضیاء الحق، ڈی جی سپورٹس عبد الناصر خان اور ڈپٹی کمشنر ڈیرہ سارہ رحمٰن سمیت ضلعی و صوبائی انتظامیہ کے افسران شریک ہوئے۔
صوبائی وزیر کھیل سید فخر جہاں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈا پور کی ذاتی دلچسپی سے “ڈیرہ جات” کا انعقاد ایک نئے جذبے اور عزم کے ساتھ ممکن ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس ایونٹ کا مقصد ثقافت، روایات اور علاقائی کھیلوں کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ یہ فیسٹیول ہر سال باقاعدگی سے منعقد کیا جائے گا۔
ممبر قومی اسمبلی فیصل امین گنڈا پور نے مختلف اسٹالز کا دورہ کیا اور کہا کہ اس فیسٹیول کا سالانہ انعقاد نہ صرف علاقائی تاریخ اور روایات کو زندہ رکھتا ہے بلکہ بین الصوبائی ہم آہنگی اور ثقافتی تبادلے کو بھی فروغ دیتا ہے۔ انہوں نے ڈیرہ اسماعیل خان کو ایک مہمان نواز اور ثقافت دوست علاقہ قرار دیا اور کہا کہ باہر سے آنے والے مہمانوں کیلئے تمام ممکنہ سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔
ڈپٹی کمشنر سارہ رحمٰن نے کہا کہ ڈیرہ جات علاقائی تہذیب، ثقافت اور تاریخی ورثے کی ترجمانی کرتا ہے، اور اس کے پُرامن و کامیاب انعقاد کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے گئے ہیں۔
خیال رہے کہ “ڈیرہ جات” فیسٹیول خیبرپختونخوا کا سب سے بڑا ثقافتی و تفریحی ایونٹ ہے، جس میں خیبرپختونخوا کے علاوہ پنجاب، بلوچستان اور دیگر صوبوں سے بھی کھلاڑی اور شائقین بھرپور شرکت کر رہے ہیں۔ ڈیرہ اسماعیل خان کی جغرافیائی اہمیت کے تناظر میں اس فیسٹیول کا انعقاد نہ صرف علاقے کے مثبت تشخص کو اجاگر کرتا ہے بلکہ قومی یکجہتی، ثقافتی ہم آہنگی اور سیاحت کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
خیبرپختونخوا کے 14شہروں میں الیکٹرک بس سروس کا منصوبہ، پہلے مرحلے میں 6 شہر شامل…
پاکستان تاریخی سنگ میل سے چند روز کی دوری پر، پہلا خلا باز 25 نومبر…
سمندر میں انٹرنیٹ کی اہم سب میرین کیبل میں خرابی، صارفین کو سست رفتار اور…
خیبر پختونخوا میں ڈینگی وائرس کیسز کی تعداد 6 ہزار سے تجاوز کر گئی پشاور(…
پشاور میں مبینہ جعلی میڈیکل کونسل پر ایف آئی اے کا چھاپہ، چیئرمین گرفتار پشاور:…
پشاور میں خواتین کی شکایات پر فوری کارروائی، موقع پر ریلیف اور 4.2 ارب روپے…