ویب ڈیسک: مون سون سیزن کے دوران ممکنہ حادثات اور انسانی جانوں کے تحفظ کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے پشاور میں نہروں اور دریاؤں اور میں نہانے، تیراکی، غیر مجاز کشتی رانی اور دیگر تفریحی سرگرمیوں پر دفعہ 144 کے تحت پابندی عائد کر دی ہے۔
اس حوالے سے باقاعدہ حکم نامہ جاری کر دیا گیا ہے، جو فوری طور پر نافذ العمل ہوگا اور مون سون سیزن 2026 کے اختتام تک مؤثر رہے گا۔ انتظامیہ کے مطابق ضرورت پڑنے پر اس حکم نامے میں ترمیم یا اسے واپس بھی لیا جا سکتا ہے۔
9آبی گزرگاہوں کی فہرست جاری
پشاور کی ضلعی انتظامیہ نے ضابطہ فوجداری 1898 کی دفعہ 144 کے تحت اختیارات استعمال کرتے ہوئے کابل ریور کینال، جوئی شیخ کینال، بدنی نالہ، دریائے باڑہ، شاہ عالم دریا، ناگمان دریا، اَدیزئی دریا، ورسک گریویٹی کینال، ورسک لفٹ کینال پر نہانے، تیراکی اور غیر مجاز کشتی رانی پر مکمل پابندی عائد کی ہے۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مون سون کے دوران پانی کے بہاؤ میں اضافے کے باعث ایسے مقامات پر نہانا یا تیراکی کرنا جان لیوا ثابت ہو سکتا ہے، خصوصاً کم عمر بچوں کے لیے۔ اس لئے پشاور میں نہروں اور دریاؤں میں نہانے پر پابندی لگا دی ہے۔
صوابی میں کریک ڈاؤن
دوسری جانب صوابی میں بھی ضلعی انتظامیہ نے دریائے سندھ، سٹیفا نہر، پیہور ہائی لیول کینال اور دیگر نہروں میں غیر قانونی تیراکی کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کر دیا ہے۔
انتظامیہ کے مطابق کارروائی کے دوران نہروں میں نہانے اور تیراکی کرنے والے متعدد افراد کو گرفتار کر کے ان کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
غیر قانونی کشتی رانی کے خلاف کارروائی
اسسٹنٹ کمشنر لاہور سب ڈویژن نے کنڈ پارک کے مقام پر دریائے سندھ میں غیر قانونی کشتی رانی اور حفاظتی ضوابط کی خلاف ورزیوں کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن کیا۔
کارروائی کے دوران 8 کشتیوں کے انجن ضبط کر کے ناکارہ بنا دیے گئے، متعلقہ کشتی آپریٹرز کو گرفتار کیا گیا، ان کے خلاف ایف آئی آرز درج کی گئیں، دریائے سندھ کے کنارے موجود تقریباً 300 افراد کو منتشر کیا گیا۔
انتظامیہ کی شہریوں سے اپیل
ضلعی انتظامیہ نے شہریوں، خصوصاً والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو نہروں، دریاؤں اور دیگر آبی گزرگاہوں میں نہانے یا تیراکی سے روکیں اور دفعہ 144کی پابندی کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
Publisher