Fourth anniversary of Peshawar Bikers Club, decision to establish Khyber Pakhtunkhwa Bikers Association
پشاور، 6 ستمبر 2026: پشاور بائیکرز کلب کی چوتھی سالگرہ کے موقع پر پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی کے ڈائریکٹر محمد علی سید نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں بڑی تعداد میں بائیکرز اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب کے دوران خیبرپختونخوا بھر کے بائیکرز کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کرنے کے لیے خیبرپختونخوا بائیکرز ایسوسی ایشن کے قیام کا فیصلہ کیا گیا، جبکہ ساجد علی خان کو ایسوسی ایشن کا صدر مقرر کیا گیا۔
پشاور بائیکرز ایسوسی ایشن کے انتخابات میں رفیع خان ایسوسی ایٹ نائب کپتان منتخب ہوئے، جبکہ پشاور بائیکرز کلب کے نئے کپتان کے طور پر قاری حسنین عبدالرحمان کی تقرری عمل میں لائی گئی۔
شرکاء نے پشاور بائیکرز کلب کی چار سالہ سرگرمیوں اور موٹر سائیکلنگ کے فروغ کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو سراہا۔ اس موقع پر کلب کی چوتھی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی محمد علی سید نے کہا کہ نشتر ہال پشاور میں صوبائی اور قومی سطح کے بائیکرز کو جلد ایک پلیٹ فارم پر جمع کرکے ایڈونچر ٹورازم کے فروغ کے لیے ایک خصوصی ایونٹ منعقد کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس طرح محفوظ اور ذمہ دارانہ سیاحت کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے بائیکرز کے لیے لواری ٹاپ، بابوسر ٹاپ اور شندور پاس سمیت مختلف مقامات پر مشتمل ریلی منعقد کرنے کی تجویز بھی دی۔ محمد علی سید نے کہا کہ موٹر سائیکلنگ کے شعبے میں آنے والی خواتین کی حوصلہ افزائی کے لیے جلد خواتین بائیکرز ونگ کے قیام کا اعلان بھی کیا جائے گا۔
تقریب میں ایس پی سٹی ٹریفک پولیس عبدالرحیم خان سمیت دیگر مہمانان گرامی نے بھی شرکت کی۔
اس موقع پر خیبرپختونخوا بائیکرز ایسوسی ایشن کی جانب سے عالمی یوم سیاحت کے موقع پر صوبے میں بڑے پیمانے پر ریلی اور مختلف سرگرمیوں کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا۔
شرکاء کے مطابق 11 ستمبر کو بائیکرز کی ریلی کورمبر جھیل، اپر چترال کے لیے روانہ ہوگی۔ ریلی کا مقصد خیبرپختونخوا کے خوبصورت اور دور افتادہ سیاحتی مقامات کو اجاگر کرنا اور موٹر سائیکل ٹورازم کو فروغ دینا ہے۔
تقریب کے اختتام پر پشاور بائیکرز کلب کے ارکان نے آئندہ سرگرمیوں، بائیکرز کے لیے سہولیات اور صوبے میں موٹر سائیکل ٹورازم کے فروغ سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔
حکومت کا پشاور کے عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم کا نام تبدیل کرنے کا فیصلہ اسٹیڈیم…
خیبرپختونخوا میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر ڈی میرٹ پوائنٹ سسٹم نافذ کرنے کا…
پشاور کے نوجوان نے ولیمے میں یتیم بچوں، بزرگوں اور خصوصی افراد کو مدعو کرکے…
پشاور سمیت خیبرپختونخوا میں 24 گھنٹے بعد سی این جی اسٹیشنز دوبارہ کھل گئے پشاور:…
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا پشاور میں ٹرائی سیریز کروانے کا اعلان پاکستان…
پشاور میں گیس بحران شدت اختیار کرگیا، بچے بغیر ناشتے سکول جانے پر مجبور پشاور…